مردان کے علاقے ارم کالونی میں مبینہ طور پر گیس سلنڈر کے زوردار دھماکے کی وجہ سے دو منزلہ مکان کی چھت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب ایک زوردار دھماکے سے رہائشی عمارت کی بالائی منزل زمیں بوس ہوگئی اور مکین ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، پولیس اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تلاش و بازیابی کی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام نے تصدیق کی کہ ملبے تلے دبے آٹھ افراد کو نکالا گیا جن میں سے چھ جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ دو زخمی ہیں۔
تمام متاثرین کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو کے ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام چھ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ممکنہ طور پر رات بھر گیس لیک ہونے سے گھر کے اندر گیس جمع ہونے سے دھماکا ہوا ہے۔



















Comments
Comments are closed.