فارما سیکٹر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی، حکومت کا برآمدی مسائل کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے بدھ کے روز دوا سازی کی برآمدات کے فروغ کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت بااختیار فارما ایکس پاکستان کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ یہ ادارہ دوا سازی کی برآمدات کے فروغ کے لیے مخصوص ہوگا۔ وزارتِ تجارت کے اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ دوا ساز صنعت کی ضروریات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
وزیرِ تجارت نے یہ بات پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے چیئرمین توقیر الحق کی جانب سے دی گئی ایک بریفنگ کے دوران کہی، جس میں انہوں نے فارما ایکس پاکستان کے قیام کے حوالے سے آگاہ کیا، یہ دوا سازی کی برآمدات کو فروغ دینے اور موثر انداز میں منظم کرنے کے لیے ایک عوامی و نجی اشتراک پر مبنی منصوبہ ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ فارماسیوٹیکل سیکٹر میں برآمدات کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور فارما ایکس پاکستان کی باقاعدہ فعال ہونے میں محض ایک یا دو مراحل باقی ہیں۔
انہوں نے اس صنعت کی تیزی سے پیش رفت کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت عالمی برآمدی اہداف کے حصول کے لیے مسلسل معاونت فراہم کرتی رہے گی۔
افغانستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے وفاقی وزیرِ تجارت نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات مزید مستحکم اور موثر ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں دوا سازی کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔
چیئرمین توقیر الحق نے اہم مسائل کے فوری حل پر وزیرِ تجارت کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی بروقت مداخلت سے صنعت بڑے مالی نقصان سے بچ گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فارما ایکس پاکستان میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ دوا سازی کی برآمدات کو موجودہ 70 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 3 ارب ڈالر تک لے جا سکے۔
یہ اقدام اس شعبے میں جاری مضبوط نمو پر مبنی ہے، جس کے مطابق 2020–21 میں برآمدات 270 ملین ڈالر تھیں، جو 2024–25 میں بڑھ کر 355 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جیسا کہ تازہ ترین صنعتی اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے۔
توقیر الحق نے افغانستان، جو کہ ایک کلیدی منڈی ہے، کو برآمدات کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور پالیسی امور میں مربوط حکومتی توجہ کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ فارما ایکس پاکستان ایک مخصوص پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جو پاکستانی دوا ساز مصنوعات کے لیے ریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل، مارکیٹ تک رسائی اور بین الاقوامی سطح پر روابط کے فروغ میں مدد فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر نے ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ وزارت برآمدکنندگان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے اور اس سلسلے میں وزارت میں ایک خصوصی ایکسپورٹر فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا، جو برآمدی صنعت کو ایسے اہم امور میں مدد فراہم کرے گا جن میں حکومت کی فوری مداخلت درکار ہو۔




















Comments
Comments are closed.