چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعہ کے روز اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی بھی بیرونی دباؤ یا جارحیت کے آگے سر نہیں جھکائے گا اور ملک کی خودمختاری کو لاحق ہر خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے دورے کے موقع پر آرمی چیف نے زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے قومی دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قوم کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔
فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کو کبھی زبردستی دبایا نہیں جا سکتا اور وہ تمام مذموم عزائم جو ہمیں انسدادِ دہشت گردی کے مقاصد سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں مکمل طور پر ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی قیادت کے تحت قوم کی جانب سے دکھائی گئی یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام بیرونی خطرات کے مقابلے میں ”فولادی دیوار“ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
بھارت کے عسکری رویے کا حوالہ دیتے ہوئے آرمی چیف نے خبردار کیا کہ بلااشتعال جارحیت کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان نہایت خطرناک ہے اور واضح کیا کہ پاکستان مکمل عسکری صلاحیت رکھتا ہے تاکہ کسی بھی سطح کے تنازع کا موثر جواب دے سکے۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اسے خطے میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے کلیدی حیثیت کا حامل قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں بھارت کی مبینہ آبی دہشت گردی کی سخت مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی اور بلا جواز قرار دیا ہے۔
داخلی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے ملک میں ازسرِنو فعال انسدادِ دہشت گردی مہم کا ذکر کیا اور کہا کہ دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کے خلاف یہ مہم اپنے منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔
انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے جو کہ خطے میں امن کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ ہے۔
زیرِ تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید عسکری حکمتِ عملی میں قیادت، جدت اور تنقیدی سوچ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ایسے پیشہ ور اور باوقار فوجی رہنما تیار کر رہا ہے جو مسلح افواج کی اعلیٰ اقدار کے امین ہیں۔




















Comments
Comments are closed.