ریکارڈ کمی کے بعد مہنگائی بڑھنے کی شرح میں اضافے کا امکان
- مئی میں مہنگائی بڑھ کر 2.7 فیصد تک پہنچ سکتی ہے جو اپریل میں 0.3 فیصد رہی تھی
اپریل میں سالانہ بنیاد پر 0.3 فیصد کی سطح پر رہنے کے بعد، مئی میں پاکستان کی مجموعی مہنگائی بڑھنے کی شرح (ہیڈ لائن انفلیشن) میں اضافے کی توقع ہے جو کہ 2.7 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، یہ بات بروکریج ہاؤس جے ایس گلوبل کی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کے مطابق، اپریل 2025 میں مہنگائی کی شرح 0.3 فیصد رہی، جو مارچ 2025 میں 0.7 فیصد تھی۔
جے ایس گلوبل کے مطابق پاکستان کا کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) مئی کے لیے 2.7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ اب بیس ایفکیٹ ختم ہو رہے ہیں، جو قیمتوں کے عمومی رجحانات کی واپسی کا اشارہ ہے۔ اس سے مالی سال 2025 کے پہلے 11 ماہ کی اوسط مہنگائی 4.7 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اوسط 24.9 فیصد سے کہیں کم ہے۔
یاد رہے کہ مئی 2023 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھی، جو کہ جولائی 1965 سے دستیاب اعداد و شمار کے بعد سب سے بلند سطح تھی۔
جے ایس گلوبل کے مطابق مئی میں خوراک کی مہنگائی (فوڈ انفلیشن) سالانہ بنیاد پر 1.4 فیصد بڑھنے کی توقع ہے، جو پچھلے سال اسی ماہ میں منفی 0.2 فیصد تھی، جو کہ بنیادی اثر کے زائل ہونے کی وجہ سے ہے۔
رہائش، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 3.3 فیصد کمی اور ماہانہ بنیاد پر 2 فیصد کمی کی توقع ہے، خاص طور پر بجلی کے نرخوں میں مئی کے دوران کمی کے باعث ایسا ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب، بنیادی مہنگائی (کور انفلیشن) اپریل میں سالانہ بنیاد پر تقریباً 9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
پالیسی ریٹ کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حالیہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) اجلاس میں بنیادی شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس کمی کرتے ہوئے اسے 11 فیصد پر کردیا، جو گرتی ہوئی مہنگائی کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ جاری مانیٹری ایزنگ سائیکل میں ساتواں ریٹ کٹ ہے، جس کے نتیجے میں شرح سود میں مجموعی طور پر 1,100 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کی کمی ہوئی، جو اس کی بلند ترین سطح 22 فیصد سے کم ہو کر موجودہ سطح پر آ گئی ہے۔
جے ایس گلوبل نے کہا کہ اب تک مہنگائی کی توقعات سے کم سطح پر موجودگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے شرح سود میں مزید کمی کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
اسٹیٹ بینک آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 16 جون 2025 کو منعقد کرے گا۔




















Comments
Comments are closed.