نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کے روز موسمی اثرات سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں 27 مئی سے یکم جون 2025 تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، موسلا دھار بارشوں، آندھیوں اور ممکنہ ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق مغربی سمت سے طاقتور موسمی نظام ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جو پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت متعدد علاقوں کو متاثر کرے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی شدید بارش اور تیز جھکڑوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید موسمی صورتحال کا خدشہ، سندھ میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق 27 مئی سے یکم جون کے دوران ملک کے متعدد علاقوں میں شدید موسم کا امکان ہے۔
شمالی اور وسطی پنجاب کے شہروں، راولپنڈی، مری، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سرگودھا، میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان، میں 27 سے 29 مئی کے دوران درمیانے درجے کی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور وزیرستان، میں بھی اسی عرصے کے دوران گرج چمک اور آندھی طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، خضدار اور گردونواح کے علاقوں میں 27 سے 29 مئی کے درمیان بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر، بشمول اسکردو، ہنزہ، وادی نیلم اور مظفرآباد، میں 27 مئی سے یکم جون کے دوران شدید بارش، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور اس دوران کسی نمایاں بارش کی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھیں، مقامی ریسپانس یونٹس سے قریبی رابطہ قائم کریں اور خطرات کم سے کم کرنے کے لیے مکمل چوکسی اختیار کریں۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، خصوصاً پہاڑی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں، اور مخدوش عمارتوں یا سازوسامان کو محفوظ بنانے کے اقدامات کریں۔ کاشتکاروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خراب موسم سے فصلوں کو بچانے کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور حقیقی وقت میں اطلاعات کے حصول کے لیے ”Pak NDMA Alert App“ ڈاؤن لوڈ کریں۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ وہ بدلتے ہوئے موسمی نظام پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور وقتاً فوقتاً تازہ ترین معلومات فراہم کرتا رہے گا۔




















Comments
Comments are closed.