رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت 46 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 86 ہزار 868 یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 69 ہزار 81 یونٹس تھی۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی اے ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مارچ 2025 میں گاڑیوں کی فروخت 11,098 یونٹس رہی، جو سالانہ بنیاد پر 18 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے، لیکن ماہانہ بنیاد پر اس میں 8 فیصد کمی آئی۔
ماہانہ کمی کی وجہ زیادہ تر فروری 2025 میں بلند فروخت کی بنیاد تھی، جب سال کے آغاز میں گاڑیوں کی فروخت میں عمومی طور پر اضافہ ہوتا ہے، اس کے علاوہ رمضان کے دوران کم فروخت اور تاخیر سے ترسیلات بھی اس کمی کا باعث بنیں، کیونکہ کام کے اوقات مختصر ہوتے ہیں اور صارفین کی سرگرمیاں سست روی کا شکار رہتی ہیں۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق، سالانہ بنیاد پر ترقی مستحکم معاشی حالات، کم شرح سود، کم ہوتی مہنگائی، اور بہتر صارفین کے جذبات کی بدولت ممکن ہوئی۔ اس کے علاوہ، نئے ماڈلز کی لانچ اور مختلف ویرینٹس کا تعارف طلب کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق، سازگار انجینئرنگ (ایس اے زیڈ ای ڈبلیو) نے مارچ 2025 میں 943 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی، جو سالانہ بنیاد پر 87 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 7 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ مجموعی طور پر، مالی سال 2025 کی پہلی نو ماہ میں فروخت میں 153 فیصد سالانہ اضافہ ہوا اور یہ 8,027 یونٹس تک پہنچ گئی، جب کہ مالی سال 2024 کی اسی مدت میں یہ تعداد 3,172 یونٹس تھی۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) نے مارچ 2025 میں سالانہ بنیاد پر 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، لیکن ماہانہ بنیاد پر 15 فیصد کمی آئی۔ آلٹو، راوی، سوئفٹ، اور ایوری جیسے ماڈلز کی مانگ میں بھرپور اضافہ رہا۔
انڈس موٹر کمپنی (آئی این ڈی یو) نے 84 فیصد سالانہ اور 20 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا، جو بنیادی طور پر کرولا اور یارس ماڈلز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ممکن ہوا۔
ہیونڈائی نشاط کی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 19 فیصد اضافہ جبکہ ماہانہ بنیاد پر 10 فیصد کمی دیکھی گئی۔ دوسری جانب ہونڈا اٹلس کارز (ایچ سی اے آر) کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 35 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت مارچ 2025 میں سالانہ بنیاد پر 34 فیصد بڑھ کر 1,25,311 یونٹس تک پہنچ گئی، تاہم ماہانہ بنیاد پر اس میں 3 فیصد کمی آئی۔ اس میں رائل پرنس موٹر سائیکل اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے اعداد و شمار شامل نہیں، کیونکہ ان کا ڈیٹا تاحال موصول نہیں ہوا۔ اس طرح مالی سال 2025 کی پہلی نو ماہ میں فروخت 10,89,922 یونٹس رہی، جو کہ سالانہ بنیاد پر 31 فیصد اضافہ ہے۔
ٹریکٹر انڈسٹری کی مجموعی فروخت 1,538 یونٹس رہی، جو سالانہ بنیاد پر 67 فیصد کمی ہے جبکہ ماہانہ بنیاد پر تقریباً مستحکم رہی۔ اس طرح مالی سال 2025 کے پہلے نو ماہ میں مجموعی فروخت 23,230 یونٹس رہی، جو کہ سالانہ بنیاد پر 34 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
مارچ 2025 میں ٹرک اور بسوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 47 فیصد بڑھ کر 460 یونٹس رہی، جبکہ ماہانہ بنیاد پر اس میں 5 فیصد کمی آئی۔ اس طرح مالی سال 2025 کی پہلی نو ماہ میں مجموعی فروخت 3,365 یونٹس رہی، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے 1,869 یونٹس کے مقابلے میں 80 فیصد اضافہ ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
























Comments
Comments are closed.