پاکستان فطری اتحادی ہے، احسن اقبال ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کیلئے پر امید
- مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے باہمی احترام اور تعمیری روابط کلیدی اہمیت کے حامل ہیں، وزیر منصوبہ بندی
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا فطری شراکت دار ہے اور انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے تحت دوطرفہ تعلقات کی بحالی کی امید ظاہر کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی امریکی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سپورٹ کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے چوراہے پر اپنے اسٹرٹیجک محل وقوع کی وجہ سے علاقائی رابطوں اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے میں امریکہ کا فطری شراکت دار ہے۔
انہوں نے نئی امریکی انتظامیہ کے تحت پاک امریکا شراکت داری کی بحالی کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی احترام اور تعمیری روابط کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والے انتخابات میں امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ وہ 20 جنوری کو امریکی صدارت کا عہدہ سنبھالیں گے جس کے لیے جو بائیڈن نے اقتدار کی آسانی سے منتقلی کا وعدہ کیا ہے۔
احسن اقبال نے ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کی ایک نئی جہت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستان دنیا سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم تمام ممالک بالخصوص امریکہ کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم کریں گے جو ہمیشہ انصاف اور انسانیت کے لیے کھڑا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس تقریب سے خطاب کرنا اعزاز کی بات ہے، جس میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر ویریا (کیٹ) سومونگسر نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا، “ہم پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں امریکہ کی نمایاں خدمات کا خیر مقدم کرتے ہیں، اپنے دوطرفہ تعلقات کی پائیدار اسٹرٹیجک اہمیت کی عکاسی کرنے اور نئے امریکی صدر کی قیادت میں مستقبل کے تعاون کے لئے روڈ میپ کا خاکہ پیش کرنے کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریر کے دوران وفاقی وزیر نے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کے امکانات پر بھی زور دیا جو 2023 میں 6.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی اور آئی ٹی، زراعت اور مینوفیکچرنگ جیسے اہم شعبوں میں مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں پر زور دیا۔
مستقبل میں تعاون پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے موسمیاتی تبدیلی، توانائی کے استحکام اور فوڈ سیکیورٹی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے قابل تجدید توانائی، پائیدار زراعت اور جدید انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق پر زور دیا تاکہ زیادہ بہتر مستقبل کی تعمیر کی جا سکے جبکہ ثقافتی، تعلیمی اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔





















Comments
Comments are closed.