محسن نقوی نے سوشل میڈیا کے لیے حدود مقرر کر دیں، خلاف ورزی پر کارروائی کی تنبیہ
- پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی رجسٹریشن اور مقامی نمائندوں کی تعیناتی لازمی قرار دینے کا عندیہ، پلیٹ فارمز کی بندش آخری آپشن ہوگی، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے دہشت گردی، نفرت انگیز تقریر، تشدد پر اکسانے اور بچوں کے جنسی استحصال کو چار ناقابلِ قبول حدود قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پائیدار ترقیاتی پالیسی ادارے (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ’’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور حقائق کے بعد کا دور‘‘ کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے سوشل میڈیا کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی مواد کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے لیے چار سرخ لکیریں ہیں: دہشت گردی، نفرت انگیز تقریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال۔ ان چار معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔‘‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے، جبکہ آن لائن نفرت انگیز تقاریر بھی اکثر تشدد کا سبب بنی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے محکموں کی جانب سے بھیجی جانے والی درخواستوں میں سے صرف 47 فیصد پر کارروائی کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ حکومت آزادی اظہار رائے کو محدود کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو رپورٹنگ کی آزادی ہونی چاہیے، شہریوں کو حکومت سے سوال کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے اور اختلافی آرا کو بھی سنا جانا چاہیے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کو ان سرگرمیوں کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا جو ان چار سرخ لکیروں کے زمرے میں آتی ہیں۔
رجسٹریشن اور جواب دہی کا نیا نظام
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے محدود وسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تقریباً 14 کروڑ آبادی والے صوبہ پنجاب میں قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے صرف 61 اہلکار تعینات ہیں، جن میں ڈرائیور، کلرک اور افسران بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے نگرانی کا نظام مضبوط بنانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ رابطہ کاری بہتر بنانے کے لیے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (ایس ایم پی آر اے) قائم کی ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) خدمات اور بڑے مواد تخلیق کرنے والوں کے لیے اتھارٹی کے پاس رجسٹریشن لازمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’’رجسٹریشن کسی کو خاموش کرانے کا لائسنس نہیں، بلکہ اس سے یہ طے ہوگا کہ کسی خرابی کی صورت میں جواب دہ کون ہے۔‘‘
وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پاکستان میں ایک بااختیار نمائندہ مقرر کرے، جو فیصلے کرنے اور شکایات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت این سی سی آئی اے سے متعلق شکایات پاک آئی ڈی ایپ پر منتقل کررہی ہے، جبکہ ریگولیٹری اتھارٹی شکایات کے لیے ایک مرکزی نظام تیار کررہی ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے کیسز پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے سکیں گے۔
محسن نقوی نے حالیہ کھلی عوامی سماعت کے دوران ملاقات کرنے والی پانچ لڑکیوں کے واقعات بھی بیان کیے۔ ان کے مطابق، ان میں سے تین لڑکیوں نے دھمکیوں کے باعث خودکشی کرنے کے ارادے کا اظہار کیا تھا کہ ان کا حساس مواد سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا جائے گا، جبکہ دو لڑکیوں نے بتایا کہ انہوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی، تاہم وہ بچ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام کے پاس ایسے معاملات میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رابطہ کرنے اور فوری ردعمل یقینی بنانے کا مؤثر طریقہ کار موجود نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ اتھارٹی اس بات کی تصدیق کرے گی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے شکایات پر کارروائی کی ہے یا نہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش آخری آپشن ہوگی
مجوزہ کارروائی کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ حکومت مرحلہ وار حکمت عملی اختیار کرے گی، جس میں پلیٹ فارمز سے رابطہ، نوٹسز کا اجرا اور جرمانے شامل ہوں گے، جبکہ کسی پورے پلیٹ فارم کی بندش آخری آپشن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی کارروائی قانون کے مطابق، شفاف اور نظرثانی کے لیے کھلی ہوگی۔
وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ارکان اب بھی بھرتیوں، فنڈز جمع کرنے اور اپنا بیانیہ پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کیوں کررہے ہیں۔
انہوں نے عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل گروہوں سے وابستہ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کریں۔
محسن نقوی نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد تیار کرنے اور فروخت کرنے والے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف این سی سی آئی اے کی حالیہ تحقیقات کا بھی حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوگل کے تعاون سے حکام نے حال ہی میں ایبٹ آباد میں ایک مبینہ ملزم کی شناخت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’جب کوئی پلیٹ فارم کارروائی کرتا ہے تو ایک بچے کا تحفظ یقینی بنتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت اضافی اہلکاروں، جدید ڈیجیٹل فرانزک سہولیات اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تحقیقاتی صلاحیتوں کے ذریعے این سی سی آئی اے کو مضبوط بنا رہی ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر محسن نقوی نے عالمی سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں، تاہم مقامی سطح پر جواب دہی بھی یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’آئیے، ہم ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھنے کے بجائے ایک ہی جانب بیٹھ کر مل کر کام کریں۔‘‘

Comments