اسٹاک ایکسچینج میں مندی، 100 انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس گر گیا
- بینچ مارک انڈیکس 1,204 پوائنٹس یا 0.68 فیصد کمی کے بعد 176,313.04 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی فروخت کا سلسلہ جاری رہا، جہاں کاروبار کے آغاز میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس گر گیا۔
صبح 11 بجے بینچ مارک انڈیکس 1,204.69 پوائنٹس یا 0.68 فیصد کمی کے بعد 176,313.04 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا۔
سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنریز سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا رجحان دیکھا گیا۔ انڈیکس پر زیادہ اثر رکھنے والے حصص، جن میں اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پول، پی ایس او، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل شامل ہیں، منفی زون میں کاروبار کررہے تھے۔
ایک اہم پیش رفت میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے خبردار کیا ہے کہ بیرونی اور مقامی خطرات میں تبدیلی، بالخصوص مشرق وسطیٰ میں طویل تنازع اور ال نینو سے منسلک شدید موسمی واقعات، ملکی معاشی منظرنامے کے لیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں اور معیشت کے متوقع نتائج کو متاثر کرسکتے ہیں۔
منگل کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بڑے پیمانے پر فروخت اور کاروباری سرگرمیوں میں کمی دیکھی گئی تھی، کیونکہ سرمایہ کاروں نے بلند سطح پر منافع حاصل کیا، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث کاروبار کے آغاز پر ہونے والی تیزی کا اثر زائل ہوگیا۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 665.21 پوائنٹس یا 0.37 فیصد کمی کے بعد 177,517.74 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر بدھ کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں اضافہ ہوا، کیونکہ اینویڈیا نے حالیہ اتار چڑھاؤ کے باوجود فروخت کی توقعات سے بہتر پیش گوئی جاری کی۔ اس سے اس کی ہارڈویئر سپلائی چین سے وابستہ کمپنیوں کے حصص میں تیزی آئی اور چار روزہ گراوٹ کے بعد علاقائی بینچ مارک انڈیکس بھی اوپر آگیا۔
ایم ایس سی آئی کا جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک کے حصص پر مشتمل وسیع ترین انڈیکس 0.9 فیصد بڑھ گیا، جس کی قیادت جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس نے کی، جس میں 3.3 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جاپان کا نکی 225 انڈیکس 0.6 فیصد اوپر آگیا، جبکہ امریکی ایس اینڈ پی 500 ای منی فیوچرز میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا۔
چپ ساز کمپنی اینویڈیا کے حصص بعد از کاروباری اوقات میں 4.7 فیصد بڑھ گئے۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے کے لیے اہم سمجھی جانے والی اس کمپنی نے اپنی سہ ماہی آمدنی توقعات سے زیادہ رپورٹ کی۔ یہ رواں ماہ جینسن ہوانگ کی اچانک چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے علیحدگی کے بعد کمپنی کی پہلی مالیاتی رپورٹ تھی۔
یہ اضافہ وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) اینویڈیا کی تحقیقات کررہا ہے۔
اس سے قبل رات گئے وال اسٹریٹ میں اسٹاکس کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی ہوئی تھی، جہاں اینویڈیا کے مالیاتی نتائج جاری ہونے سے پہلے ایس اینڈ پی 500 انڈیکس ایک فیصد گر گیا اور مسلسل چوتھے کاروباری سیشن میں منفی زون میں بند ہوا۔
یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔


Comments