پاکستان خام معدنیات کی برآمد سے آگے بڑھنے کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار
- پاکستان معدنیات کی محض خام برآمد کے بجائے مقامی سطح پر پراسیسنگ اور تیار مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت بڑھائے گا، اسحاق ڈار؛ معدنیات کی پوری ویلیو چین میں سرمایہ کاری، مقامی روزگار اور صنعتی ترقی پر زور
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد محض معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں، بلکہ بتدریج ملک کے اندر ان کی پراسیسنگ، ریفائننگ اور تیار مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہے۔
وہ اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 26) کے تیسرے ایڈیشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں 60 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فورم میں شرکا کی بڑی تعداد پاکستان کی معدنیاتی صلاحیت میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی اور اس شعبے میں طویل مدتی شراکت داری کے لیے حکومت کے عزم پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایم آئی ایف 2026 محض سرمایہ کاری کانفرنس نہیں، بلکہ یہ صاف توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید صنعتی پیداوار کی جانب عالمی پیش رفت میں پاکستان کے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برس کے دوران اپنے بڑے معاشی اشاریوں کو مستحکم کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
انہوں نے اس کامیابی کا سہرا مالیاتی اور زری نظم و ضبط، ساختی اصلاحات اور محتاط مالیاتی انتظام کو دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معدنی وسائل کو ترقی دینا ملکی معیشت کی تبدیلی کے اگلے مرحلے کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے، جس میں برآمدات کو متنوع بنانا، صنعتی بنیاد مضبوط کرنا اور طویل مدتی سرمایہ کاری راغب کرنا شامل ہے۔
انہوں نے مغربی خطے میں ٹیتھیئن میٹالوجینک بیلٹ کے ساتھ تانبے اور سونے کے وسیع ذخائر کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لوہے، کرومائٹ، سیسہ، زنک، کوئلے، سنگِ نمک، سنگِ مرمر، جپسم اور قیمتی پتھروں کے ذخائر بھی موجود ہیں۔
اسحاق ڈار نے بلوچستان میں ریکوڈک تانبے اور سونے کے منصوبے کو اس شعبے میں موجود مواقع کی وسعت کی ایک مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ، وفاقی سرکاری ملکیتی اداروں اور حکومت بلوچستان کے درمیان شراکت داری اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح بین الاقوامی مہارت، قومی سطح پر شمولیت اور صوبائی ملکیت کو یکجا کرکے بڑے پیمانے پر طویل مدتی سرمایہ کاری ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’تاہم ہمارا ہدف انفرادی منصوبوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے معدنیات کی پوری ویلیو چین کا احاطہ کرنا چاہیے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے کان کنی، ٹیکنالوجی، پراسیسنگ کی سہولتوں، توانائی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ اس سے پاکستانی کمپنیوں کے لیے انجینئرنگ، آلات، خصوصی خدمات اور صنعتی پیداوار کے شعبوں میں بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صاف توانائی، الیکٹرک گاڑیوں اور بیٹریوں میں توانائی ذخیرہ کرنے کی عالمی پیش رفت کے باعث تانبے اور دیگر اہم معدنیات کی قابلِ اعتماد رسد کی طلب بڑھ گئی ہے۔ مختلف ممالک اپنی سپلائی چینز کو متنوع بنا رہے ہیں، ایسے میں پاکستان معدنیات کی تلاش اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی اور قابلِ اعتماد مقام کے طور پر خود کو پیش کرتا ہے۔
گورننس کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ آئینی ڈھانچے کے تحت صوبوں کے ساتھ شراکت داری ناگزیر ہے اور معدنی وسائل پر ان کے اختیار کا احترام کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قومی سطح پر رابطہ کاری، سرمایہ کاری میں سہولت، پالیسیوں میں ہم آہنگی اور عالمی سطح پر روابط کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا، ’’بلوچستان پاکستان کے معدنی مستقبل کے لیے مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔‘‘ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے کے وسائل کی ترقی سے اس کی معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات سے متعلق حکومتی حکمت عملی میں خیبر پختونخوا اور معدنی وسائل سے مالا مال شمالی علاقے بھی شامل ہیں۔ اسحاق ڈار نے پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سے پہلے پیش کیے گئے سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا، ’’کسی کان کنی کے منصوبے سے اس کی حدود سے باہر بھی مواقع پیدا ہونے چاہئیں۔‘‘ اسحاق ڈار نے مقامی روزگار، ہنرمندی کے فروغ، مقامی سپلائی چین میں شمولیت اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مقامی آبادی منصوبوں میں فعال طور پر شریک ہو اور ان سے مستفید بھی ہو، جبکہ ان کے روزگار، روایات اور ثقافتی ورثے کا مکمل احترام کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے فورم کے انعقاد پر وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن)، او جی ڈی سی ایل، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے عالمی سطح پر شرکا کی شرکت یقینی بنانے کے لیے دفتر خارجہ اور بیرون ملک پاکستان کے سفارتی مشنز کا بھی شکریہ ادا کیا۔


Comments