روس اور یوکرین کے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں پر حملے، امریکی مذاکرات کار ماسکو پہنچ گئے
- روسی صدر کے نمائندے کیرل دمتریئیف نے ماسکو کے ہوائی اڈے پر امریکی مذاکرات کار جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف کا استقبال کیا
روس اور یوکرین نے جمعرات کی صبح ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کو نشانہ بنایا، جبکہ یہ حملے ابوظہبی میں امن مذاکرات کے اختتام اور امریکی نمائندوں کی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات سے کچھ دیر قبل کیے گئے۔
روسی صدر کے نمائندے کیرل دمتریئیف نے ماسکو کے ہوائی اڈے پر امریکی مذاکرات کار جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف کا استقبال کیا۔ دونوں کی بعد ازاں پیوٹن سے ملاقات متوقع تھی۔
اس سے قبل ابوظہبی میں دو روزہ مذاکرات کے دوران روس اور یوکرین قیدیوں کے تبادلے پر متفق ہوئے، تاہم علاقائی تنازعات سمیت اہم معاملات پر اختلافات برقرار رہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین میں فوجی اور توانائی تنصیبات کے علاوہ کیف میں اسلحہ گودام کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی حکام نے بتایا کہ حملوں سے ریونے کے علاقے میں توانائی اور شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
ادھر ماسکو کے میئر نے کہا کہ شہر کی جانب آنے والے 5 ڈرون مار گرائے گئے۔ امریکی مذاکرات کار ماسکو کے دورے کے بعد آئرلینڈ جائیں گے، جہاں یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔


Comments