ایک ارب ڈالر کی تجارتی آزمائش
- پاکستان کتنی ایسی مصنوعات برآمد کرتا ہے جن سے سالانہ ایک ارب ڈالر سے زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے؟ کتنے ممالک پاکستانی مصنوعات ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت میں خریدتے ہیں؟ اور کتنی درآمدی مصنوعات ایسی ہیں جن کی مالیت اسی حد سے تجاوز کر جاتی ہے؟
پاکستان کے لیے برآمدات کا چیلنج محض بیرونِ ملک زیادہ اشیا فروخت کرنا نہیں، بلکہ اپنی پیداواری صلاحیت میں تنوع پیدا کرنا اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا بھی ہے۔
پاکستان کی بیرونی تجارت کا جائزہ ایک سادہ پیمانے یعنی ایک ارب امریکی ڈالر کی حد کی بنیاد پر لیا جائے تو کئی اہم حقائق سامنے آتے ہیں۔ پاکستان کتنی ایسی مصنوعات برآمد کرتا ہے جن سے سالانہ ایک ارب ڈالر سے زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے؟ کتنے ممالک پاکستانی مصنوعات ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت میں خریدتے ہیں؟ اور کتنی درآمدی مصنوعات ایسی ہیں جن کی مالیت اسی حد سے تجاوز کر جاتی ہے؟
ان سوالات کے جوابات ملکی تجارتی معیشت میں موجود ایک بنیادی عدم توازن کو بے نقاب کرتے ہیں۔
محدود برآمدی مصنوعات کا دائرہ
پاکستان کی بڑی برآمدی آمدنی اب بھی زیادہ تر ٹیکسٹائل اور چاول پر منحصر ہے۔ مالی سال 2024-25 کے اعداد و شمار کے مطابق نِٹ ویئر (بُنی ہوئی ملبوسات) کی برآمدات تقریباً 5 ارب ڈالر، ریڈی میڈ گارمنٹس کی 4.1 ارب ڈالر، بیڈ ویئر (بستر کی چادروں اور متعلقہ مصنوعات) کی 3.1 ارب ڈالر، چاول کی 3 ارب ڈالر سے زائد اور تولیوں کی تقریباً 1.1 ارب ڈالر رہیں۔
ان پانچ بڑی برآمدی اقسام میں سے چار کا تعلق ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے سے ہے، جبکہ چاول اس فہرست میں واحد نمایاں غیر ٹیکسٹائل برآمدی جنس ہے۔
یہ صورتِ حال خاصی معنی خیز ہے۔ پاکستان کی ایک ارب ڈالر سے زیادہ برآمدی آمدنی پیدا کرنے کی صلاحیت اب بھی چند روایتی مصنوعات تک محدود ہے۔ ملک ابھی تک انجینئرنگ مصنوعات، ادویات، کیمیکلز، پراسیس شدہ غذائی اشیا، الیکٹرانکس اور دیگر اعلیٰ قدر کی حامل صنعتی مصنوعات کے شعبوں میں ایسی بڑی برآمدی صنعتیں قائم نہیں کر سکا جو ان روایتی شعبوں کا متبادل بن سکیں۔
ٹیکسٹائل کا شعبہ روزگار، زرمبادلہ کے حصول اور صنعتی سرگرمیوں کے لیے بدستور انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ تاہم تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ ملکی برآمدی کارکردگی ضرورت سے زیادہ چند محدود شعبوں پر انحصار کرتی ہے۔
عالمی منڈیوں تک محدود رسائی
پاکستان کی برآمدات کا جغرافیائی ارتکاز بھی اتنا ہی نمایاں ہے۔ ابتدائی ملکی اعداد و شمار کے مطابق صرف سات سے آٹھ انفرادی منڈیاں ایسی ہیں جہاں پاکستانی برآمدات کی سالانہ مالیت ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ امریکا، چین، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور یورپ کے کئی ممالک ان منڈیوں میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
عالمی تجارت میں اپنا حصہ بڑھانے کے خواہش مند ملک کے لیے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی برآمدات حاصل کرنے والی منڈیوں کی محدود تعداد اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان کو اپنی برآمدی منڈیوں میں تنوع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
برآمدات کے فروغ کی کوششیں صرف روایتی منڈیوں تک محدود نہیں رہنی چاہئیں۔ افریقا، وسطی ایشیا، مشرقی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی منڈیوں کے ساتھ مضبوط تجارتی روابط قائم کرنا ناگزیر ہے۔
درآمدات کی کہانی بالکل مختلف ہے
درآمدات کا جائزہ ایک بالکل مختلف صورتِ حال پیش کرتا ہے۔ پاکستان کئی ایسی اشیا اور مصنوعات درآمد کرتا ہے جن کی سالانہ مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر جاتی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات تقریباً 6 ارب ڈالر، خام تیل کی درآمدات 5.3 ارب ڈالر، ایل این جی اور ایل پی جی کی درآمدات تقریباً 3.7 ارب ڈالر جبکہ پام آئل کی درآمدات تقریباً 3.4 ارب ڈالر ہیں۔ اس کے علاوہ برقی مشینری، لوہا اور فولاد، خام کپاس، موبائل فونز اور موٹر گاڑیوں کی درآمدات بھی خاصی زیادہ ہیں۔
یہ صورتِ حال ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کی معیشت توانائی، صنعتی خام مال، مشینری اور صارفین کی اشیا کے لیے بڑی حد تک درآمدات پر انحصار کرتی ہے۔ ان میں سے بعض درآمدات ملکی پیداوار اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ خام کپاس، مشینری، فولاد اور توانائی ملکی صنعتوں کو چلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے تمام درآمدات میں بلاامتیاز کمی کرنا نہ تو عملی طور پر ممکن ہے اور نہ ہی مطلوبہ اقدام۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان بتدریج ایسی درآمدات کا متبادل اپنی مسابقتی ملکی پیداوار کے ذریعے تیار کر سکتا ہے جن سے بچنا ممکن ہے اور اس کے ساتھ ساتھ نئی برآمدی صنعتیں بھی قائم کر سکتا ہے؟
ایک ارب ڈالر کا تجارتی عدم توازن
برآمدات اور درآمدات کا تقابلی جائزہ خاصا سبق آموز ہے۔ برآمدات کی جانب ایک ارب ڈالر سے زیادہ آمدنی چند ٹیکسٹائل مصنوعات اور چاول تک محدود ہے، جبکہ درآمدات کی جانب توانائی، خوراک، صنعتی اور صارفین کی اشیا کی کہیں زیادہ اقسام اس حد سے تجاوز کرتی ہیں۔
یہ محض تجارتی خسارے کا مسئلہ نہیں بلکہ ملکی پیداوار کی ساخت میں موجود بنیادی کمزوری کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ جو معیشت مشینری، توانائی، کیمیکلز اور صنعتی خام مال بڑی مقدار میں درآمد کرتی ہو، لیکن اس کی برآمدات نسبتاً محدود مصنوعات تک سمٹی ہوئی ہوں، اسے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے مسلسل وافر زرمبادلہ پیدا کرنا پڑتا ہے۔
جب برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی درآمدی ضروریات کے تناسب سے نہیں بڑھتی تو اس کا دباؤ زرمبادلہ کے ذخائر، شرحِ مبادلہ کے استحکام اور بیرونی مالی معاونت کی ضروریات پر پڑتا ہے۔
نئی ایک ارب ڈالر کی صنعتوں کا قیام
لہٰذا تجارتی پالیسی کو صرف موجودہ برآمدات میں چند فیصد اضافے کے روایتی ہدف سے آگے بڑھنا ہوگا۔ زیادہ اہم اور بامعنی مقصد ایسی نئی برآمدی صنعتیں قائم کرنا ہونا چاہیے جو سالانہ ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ آمدنی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔
زراعت، پراسیس شدہ غذائی مصنوعات، ادویات، جراحی کے آلات، انجینئرنگ مصنوعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر صنعتی شعبوں میں ویلیو ایڈیشن (مصنوعات کی قدر میں اضافہ) کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اسی طرح جغرافیائی تنوع کو بھی پالیسی کا ایک اہم ہدف بنانا ہوگا، یعنی ایسے ممالک کی تعداد میں اضافہ کرنا جو پاکستانی مصنوعات تجارتی لحاظ سے قابلِ ذکر مالیت میں خریدتے ہوں۔
اس مقصد کا حصول محض تجارتی وفود بھیجنے اور اعداد و شمار پر مبنی اہداف مقرر کرنے سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے توانائی کی مسابقتی قیمتیں، قابلِ پیش گوئی ٹیکس نظام، بہتر رسد و ترسیل کا نظام، مالی وسائل تک آسان رسائی، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، معیار کی بین الاقوامی اسناد اور مستقل و مستحکم حکومتی پالیسیاں ضروری ہیں۔
کامیابی کو جانچنے کا ایک مختلف پیمانہ
برآمدات کی کارکردگی کا اندازہ صرف مجموعی برآمدات کی سالانہ شرحِ نمو سے نہیں لگانا چاہیے۔ اس کے بجائے ایک زیادہ مفید پیمانہ یہ ہوگا کہ ایسی مصنوعات کی تعداد کتنی ہے جو سالانہ ایک ارب ڈالر سے زیادہ آمدنی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور بین الاقوامی منڈیوں میں ایسے ممالک کتنے ہیں جہاں پاکستانی برآمدات کی مالیت اسی حد سے تجاوز کرتی ہے۔
بنیادی مقصد پاکستان کو محدود برآمدی بنیاد سے نکال کر ایک متنوع پیداواری معیشت میں تبدیل کرنا ہونا چاہیے۔
بالآخر ایک ارب ڈالر کا یہ تجارتی امتحان ایک بنیادی سوال اٹھاتا ہے : کیا پاکستان اتنی عالمی سطح پر مسابقتی صنعتیں قائم کر سکتا ہے جو اسے روایتی چند برآمدات پر انحصار کرنے کے بجائے مصنوعات اور منڈیوں کی وسیع اقسام سے زرمبادلہ کمانے کے قابل بنا سکیں؟
پاکستان کی بیرونی تجارت کو درپیش اصل اور بنیادی چیلنج یہی ہے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026


Comments