جرمن چانسلر کی کیف پہنچ گئے، یوکرین کے لیے ایک ارب یورو کی فوجی امداد کا اعلان متوقع
- جرمن چانسلر کے ہمراہ وزیر اقتصادی امور کیترینا رائیشے اور سیمنز انرجی، ہینسولٹ، ڈائیل ڈیفنس اور کوانٹم سسٹمز سمیت دیگر کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد بھی ہے۔
جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز اتوار کو جرمن دفاعی کمپنیوں کے سربراہان کے ہمراہ یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچ گئے، جہاں وہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔ ان کا دورہ یوکرینی شہروں پر روسی حملوں میں اضافے کے دوران جرمنی کی جانب سے یوکرین کی حمایت کے اظہار کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
جرمن حکام کے مطابق فریڈرک مرز کیف میں ایک ارب یورو کی فوجی امداد جاری کرنے اور توانائی کے شعبے میں مرمت کے لیے 35 کروڑ یورو فراہم کرنے کے پیکیج کا اعلان کریں گے۔ دورے کے دوران مختلف اقسام کے ڈرونز کی مشترکہ پیداوار سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی بھی توقع ہے۔
فریڈرک مرز نے کہا کہ وہ کیف اس لیے آئے ہیں کیونکہ آئندہ ہفتوں میں یوکرین کو جرمنی سمیت تمام اتحادیوں کی حمایت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر روس کو نہ روکا گیا تو بالآخر اس کی جنگی مشین جرمنی کے خلاف بھی رخ کرسکتی ہے۔
جرمن چانسلر کے ہمراہ وزیر اقتصادی امور کیترینا رائیشے اور سیمنز انرجی، ہینسولٹ، ڈائیل ڈیفنس اور کوانٹم سسٹمز سمیت دیگر کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد بھی ہے۔
یوکرینی صدر نے رواں ہفتے کہا تھا کہ جرمنی کے ساتھ ڈرونز، میزائلوں اور متعلقہ سافٹ ویئر کی مشترکہ پیداوار کا معاہدہ جلد حتمی ہوگا۔ تعاون میں ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی مشترکہ تیاری بھی شامل ہے۔
دوسری جانب فریڈرک مرز یوکرینی حکومت پر یورپی یونین کے شراکت داروں کی جانب سے مطلوب اصلاحات، بالخصوص بدعنوانی کے خلاف اقدامات میں پیش رفت کے لیے بھی زور دیں گے۔ روس نے یوکرین میں حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں اور سفارتی عملے کو یوکرین میں قیام یا سفر سے خبردار کیا ہے۔


Comments