عمران خان کی صحت بگڑ رہی ہے، عظمیٰ خان نے توہینِ عدالت کیس کی فوری سماعت کیلئے نئی درخواست دائر کردی
- کورٹ کے حکم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی بہن کا مؤقف
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی ہے.آج نیوز نے رپورٹ کیا کہ عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق عدالتی حکم پر مبینہ عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کی گئی ہے.
ذرائع کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل میں عمران خان کی صحت بگڑ رہی ہے اور ان کی صحت و زندگی سے متعلق معاملہ انتہائی اہم ہے۔ عظمیٰ خان نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ عمران خان کو جامع طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا گیا، لہٰذا عدالت کی ہدایات پر فوری اور مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔
عظمیٰ خان نے کہا کہ عدالتی احکامات پر مسلسل عمل درآمد نہ کرنا قانون کی دانستہ اور کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کی کیس فکسیشن پالیسی توہینِ عدالت کی درخواست کی فوری سماعت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ توہینِ عدالت کی درخواست کو ترجیحی بنیادوں پر بلکہ بہتر ہوگا کہ رواں یا آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
اس سے قبل 25 اگست کو توہینِ عدالت کی درخواست کی فوری سماعت کے لیے دائر درخواست مسترد کردی گئی تھی، جبکہ فوری سماعت سے متعلق ایک سابقہ درخواست بھی سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے واپس کردی تھی۔
سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرکے طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے ہدایت کی تھی کہ انہیں دو روز کے اندر اسپتال منتقل کیا جائے اور ایک جامع میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ عدالت نے اہل خانہ سے ملاقات اور ان کے بیٹوں سے ٹیلی فونک رابطے سے متعلق بھی احکامات جاری کیے تھے۔
تاہم عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پمز منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں صبح تقریباً 5 بجے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی نے 19 اگست کو عدالتی حکم پر مبینہ عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی۔ درخواست ابتدا میں واپس کردی گئی تھی، تاہم رجسٹرار کے اعتراضات دور کیے جانے کے بعد اسے دوبارہ دائر کرنے کی اجازت دے دی گئی۔


Comments