صدر مملکت نے ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری و توثیق کی منظوری دے دی
- ہارون اختر کی وزیرِ اعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی منظوری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی توثیق کی منظوری دے دی۔
منگل کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ، پشاور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی ۔
صدرِ مملکت نے سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی منظوری بھی دی ۔
ایک اور فیصلے میں صدرِ مملکت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی منظوری دے دی۔
انہوں نے ہائی کورٹ کے ججز کی رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997ء کے آرڈر میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔
علاوہ ازیں صدرِ مملکت نے ہارون اختر کو وزیرِ اعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔


Comments