امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی پر ٹرمپ کا انتخابی مہم جیسا خطاب
- امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات حد سے زیادہ سیاسی رنگ اختیار کر چکی ہیں، سروے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر نیشنل مال میں خطاب کرتے ہوئے ملک میں کمیونزم کے بڑھتے ہوئے اثرات کے خلاف خبردار کیا، انتخابی اصلاحات کا مطالبہ دہرایا اور اپنی حکومت کی کارکردگی کو نمایاں انداز میں پیش کیا۔
تقریب طوفانی موسم کے باعث تقریب تقریباً دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنی 40 منٹ سے کم دورانیے کی تقریر میں حب الوطنی پر زور دینے کے ساتھ اندرونی اور بیرونی خطرات پر بھی بات کی۔ انہوں نے امریکی جنگی کامیابیوں، چاند پر انسان کی لینڈنگ، رائٹ برادران کی تاریخی پرواز اور امریکی نظامِ حکومت کو سراہا۔
ٹرمپ نے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ زیر التوا انتخابی اصلاحات کے بل منظور کرے، جن میں ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے ووٹوں پر مزید پابندیاں اور ووٹر رجسٹریشن کے لیے شہریت کا ثبوت لازمی قرار دینا شامل ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی حکومت نے ایران کی فوجی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ کمیونزم ایک ایسے کینسر کی مانند ہے جسے ابتدا ہی میں ختم کرنا ضروری ہے۔ اگرچہ انہوں نے کسی سیاسی جماعت کا نام نہیں لیا، تاہم ماضی میں وہ متعدد ڈیموکریٹ رہنماؤں کو کمیونسٹ قرار دیتے رہے ہیں۔
تقریب میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شدید گرمی اور گرج چمک کے باعث شرکا کو عارضی طور پر قریبی سرکاری عمارتوں اور عجائب گھروں میں منتقل کرنا پڑا۔ بعد ازاں موسم بہتر ہونے پر انہیں دوبارہ تقریب میں شرکت کی اجازت دی گئی۔
تقریب میں سفید فام قوم پرست تنظیم پیٹریاٹ فرنٹ کے ارکان بھی موجود تھے، تاہم پولیس کے مطابق کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دریں اثنا، رائٹرز/اِپسوس کے ایک سروے کے مطابق امریکیوں کی اکثریت، جن میں تقریباً تین چوتھائی ڈیموکریٹس اور نصف ریپبلکن شامل ہیں، کا خیال ہے کہ امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات حد سے زیادہ سیاسی رنگ اختیار کر چکی ہیں۔


Comments