برن کا اعلان: امریکہ ایران معاہدے کی دستخطی تقریب جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں ہوگی
- دستخط کی تقریب جمعہ، 19 جون کو منعقد ہونے والی ہے
مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر جمعہ کو سوئٹزرلینڈ کے پہاڑی تفریحی مقام برگن اسٹاک ریزورٹ میں دستخط کیے جائیں گے۔ سوئس وزارتِ خارجہ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب 19 جون کو منعقد ہوگی۔
تہران اور واشنگٹن نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ ایک مفاہمتی یادداشت پر متفق ہو گئے ہیں، جس کا مقصد 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والے تنازع کا خاتمہ ہے، جس نے پورے مشرقِ وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
سوئس وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ”اس مرحلے پر دستخط کی تقریب جمعہ، 19 جون کو برگن اسٹاک میں منعقد ہونا طے ہے۔“
وسطی سوئٹزرلینڈ میں جھیل لوسرن کے بلند و بالا کنارے پر واقع یہ انتہائی پُرتعیش ریزورٹ تین اطراف سے پانی میں گھرا ہوا ہے اور وہاں رسائی محدود ہونے کے باعث سکیورٹی انتظامات نسبتاً آسان سمجھے جاتے ہیں۔
وزارت کے مطابق اس مقام کی تجویز پاکستان اور قطر کے ثالثوں کے علاوہ امریکہ اور ایران کی جانب سے بھی پیش کی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ ”سوئٹزرلینڈ اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور اپنی سرزمین پر اس ملاقات کے انعقاد کے لیے ضروری عملی اور سفارتی ماحول فراہم کر رہا ہے۔“
یہ معاہدہ کئی ہفتوں پر محیط کشیدہ مذاکرات اور دوبارہ جنگ بھڑکنے کی دھمکیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق فریم ورک معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور ایران کے نائب وزیر خارجہ و اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف پہلے ہی الیکٹرانک دستخط کر چکے ہیں۔
تاہم معاہدے کا متن تاحال منظرِ عام پر نہیں لایا گیا، جس کے باعث یہ ابہام برقرار ہے کہ تنازع کے خاتمے کے لیے ہونے والے ان مشکل مذاکرات میں کن نکات پر حتمی اتفاق ہوا ہے۔
دونوں فریق ایران کے جوہری پروگرام، پابندیوں کے خاتمے اور آبنائے ہرمز سے متعلق شرائط پر شدید اختلافات کا شکار رہے۔
تاہم نائب صدر جے ڈی وینس نے سی این این سے گفتگو میں کہا کہ یہ دستاویز ”ڈیڑھ صفحے کے لگ بھگ ہے، لہٰذا یہ ایک نہایت عمومی نوعیت کی دستاویز ہے۔“


Comments