پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام اہلکار شہید
- حادثے کی درست تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری بنانے کا حکم
مظفر آباد کے قریب پاک آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا، ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں فوری طور پر حادثے کی جگہ پر پہنچ گئیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق حادثے کی درست تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی مظفر آباد کے قریب ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ قوم شہدا کی اس عظیم قربانی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم وطن کے ان بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ہیلی کاپٹر حادثے کے اس سانحے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے تمام اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کی۔


Comments