غزہ میں کیفے پر اسرائیلی حملہ، 2 فلسطینی شہید
- حملہ اتوار کے روز غزہ کے ہنگامی بندرگاہی علاقے میں واقع ایک کیفے پر کیا گیا، حکام
غزہ میں ایک کیفے پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم دو فلسطینی شہید اور 12 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق حملے کے وقت کیفے میں عوامی تعطیلات منانے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فلسطینی حکام نے بتایا کہ حملہ اتوار کے روز غزہ کے ہنگامی بندرگاہی علاقے میں واقع ایک کیفے پر کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر اس حملے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں گزشتہ اکتوبر طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے مکمل طور پر نہیں رک سکے ہیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں، تاہم دونوں فریق اہم نکات پر تاحال تعطل کا شکار ہیں۔
مذاکرات میں حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا جیسے معاملات شامل ہیں۔ موجودہ جنگ بندی کے بعد غزہ کے نصف سے زائد علاقے پر اسرائیل کا کنٹرول برقرار ہے جبکہ حماس ساحلی پٹی کے ایک محدود حصے پر قابض ہے۔
اتوار کو نشانہ بننے والا کیفے غزہ کے ساحل کے قریب قائم عارضی تیرتی ہوئی بندرگاہ (فلوٹنگ ڈاک) کے علاقے میں واقع تھا، جسے ہنگامی امدادی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں تقریباً 900 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، تاہم ان اعداد و شمار میں عام شہریوں اور جنگجوؤں کے درمیان فرق نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے مطابق اسی عرصے کے دوران عسکریت پسندوں کے حملوں میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔


Comments