ایرانی صدر کا اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ، وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کر دیا
- ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو
ایران نے بدھ کو امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی کرانے میں پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا اور پیغام دیا کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس بیان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اس بات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق 45 منٹ سے زائد جاری رہنے والی اس پُرتپاک اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے جنگ بندی پر آمادگی اور رواں ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش قبول کرنے پر ایرانی قیادت کی بصیرت اور دانشمندی کو بے حد سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے بھی اپنی عقیدت اور احترام کا اظہار کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی اسنا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے جمعہ کو مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔


Comments