پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کی برآمدات کا حجم 11.4 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم 10.4 ارب ڈالر تھا۔ اس طرح برآمدات میں 8.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق برآمدات میں یہ بہتری وزیرِاعظم شہبازشریف کی قیادت میں حکومت کی جانب سے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی پر مسلسل توجہ کا نتیجہ ہے۔ وزیرِاعظم شہبازشریف نے برآمد کنندگان، صنعت کاروں اور کاروباری نمائندوں کے ساتھ براہِ راست رابطوں کے ذریعے برآمدی شعبے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر مسلسل زور دیا ہے۔

تاہم برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اس اضافے کا درست اندازہ لگانے کیلئے یہ معلومات فراہم کرنا ضروری ہیں کہ آیا آمدنی میں اضافہ درج ذیل وجوہات میں سے کسی ایک کا نتیجہ ہے:(1) پاکستانی اشیا برآمد کرنے والے ممالک میں افراطِ زر کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث برآمدات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے؟ یہ دباؤ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے اور اس کے بعد خلیجی ممالک سے برآمدات، بشمول پٹرولیم اور گیس کی ترسیل میں بڑے پیمانے پر کمی کے نتیجے میں عالمی سطح پر نمایاں ہوا ہے۔ اس صورتحال نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیداواری لاگت میں اضافہ کر دیا ہے۔ یا(2) برآمدات میں اضافے کی وجہ ان کی مقدار (حجم) میں اضافہ ہے جو یقیناً برآمدی آمدنی میں اضافے کا زیادہ پسندیدہ اور پائیدار ذریعہ ہے۔

پریس ریلیز میں درآمدات میں ہونے والے اضافے کا ذکر بھی نہیں کیا گیا۔ جولائی تا اکتوبر 2026 درآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 12.59 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں درآمدات کی مجموعی مالیت 23,060 ملین ڈالر سے بڑھ کر 25,964 ملین ڈالر ہوگئی۔ یہاں بھی اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ آیا درآمدی اخراجات میں اضافہ خام مال اور دیگر درآمدی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ہوا ہے یا درآمدات پر عائد انتظامی پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے۔ پاکستانی حکام نے یہ انتظامی اقدامات بنیادی طور پر درآمدات کو محدود کرنے اور ادائیگیوں کے توازن کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کروائے تھے۔

اگرچہ ان انتظامی پابندیوں میں نرمی کا مقصد خام مال اور نیم تیار شدہ اشیا کی درآمد میں سہولت فراہم کرکے معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے، تاہم اکثر اسے پاکستان کے معاشی عروج و زوال کے اس چکر کی ایک اہم وجہ قرار دیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی حکومتوں کو بار بار آئی ایم ایف کے پروگرامز سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔

گزشتہ سال کے پہلے چار ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 12.6614 ارب ڈالر منفی تھا جو رواں سال کے اسی عرصے میں بڑھ کر 15.628 ارب ڈالر منفی ہوگیا ہے۔ اس طرح تجارتی خسارے میں 15.97 فیصد اضافہ ہوا جو برآمدات میں اضافے کی شرح سے تقریباً دوگنا اور درآمدات میں اضافے کی شرح سے 3 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔ یہ صورتحال تشویشناک طور پر اس مؤقف کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان کابیلنس آف پیمنٹ ایک بار پھر بگڑ رہا ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے انتظامی اقدامات کی ضرورت پیش آسکتی ہے، اگر یہ صورتحال آئندہ سال ستمبر میں موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کے اختتام کے بعد بھی برقرار رہتی ہے تو پاکستان کو آئی ایم ایف سے چھبیسویں قرض کے حصول کے لیے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے۔

جاری آئی ایم ایف پروگرام کے تحت وزیرِاعظم کے پاس پالیسی فیصلوں کے حوالے سے محدود گنجائش ہے۔ ستمبر 2024 میں جاری کردہ اپنی دستاویزات میں آئی ایم ایف نے نشاندہی کی تھی کہ: معیشت کا ایک بڑا حصہ مسابقت کی صلاحیت سے محروم ہے اور اسے وسیع پیمانے پر تحفظ (Protection)، سبسڈیز اور ٹیکس رعایتوں کے ذریعے سہارا دیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں ٹیکس کی بنیاد کمزور ہوئی ہے۔ نئی کمپنیوں کے ملکی منڈیوں میں داخلے سمیت تحفظ پسندانہ پالیسیوں نے مسابقت کو متاثر کیا ہے جس کے باعث معاشی بے عملی اور کم پیداواری صلاحیت نے جنم لیا ہے۔ کاروبار کے لیے ناموافق ماحول اور کمزور طرزِ حکمرانی نے سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کی سطح ہم پلہ ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے جس سے ملکی معیشت کی مسابقتی صلاحیت مزید متاثر ہوئی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ معاشی عدم استحکام میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان کی معیشت میں تیزی اور مندی کے بار بار آنے والے ادوار اور اس کی مجموعی معاشی پالیسیوں کے درمیان گہرا تعلق پایا جاتا ہے۔

دوسرے الفاظ میں موجودہ پروگرام کے تحت برآمد کنندگان کو مراعات دینے کے معاملے میں آئی ایم ایف کے سامنے حکومت کی گنجائش انتہائی محدود ہے۔ برآمد کنندگان ماضی میں دی جانے والی مراعات کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ حکومت ان کے مطالبات پورے کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ ایسے میں بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو پاکستان میں معاشی عروج و زوال کے دور کے دوبارہ آغاز کا پیش خیمہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا ملک کی پیداواری بنیاد میں بنیادی اور ساختی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ایسی پالیسی بھی ناگزیر ہے جو محض اضافی پیداوار کو برآمد کرنے کے بجائے ابتدا ہی سے برآمدات کے لیے اشیا تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کرے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026