ایرانی دھمکیوں کے بعد امریکی وزیر خزانہ فوجی اڈے پر منتقل
- اسکاٹ بیسنٹ اگست سے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور معاشی دباؤ کی مہم آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کی قیادت کر رہے ہیں
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اپنی جان کو ایرانی دھمکیوں کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں واقع رہائش گاہ چھوڑ کر ایک امریکی فوجی اڈے پر منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس معاملے سے آگاہ دو افراد نے منگل کو بتایا کہ یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔
نیویارک ٹائمز نے سب سے پہلے ان کی منتقلی کی خبر دی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر انٹیلی جنس عہدیدار نے گزشتہ ماہ ایک یادداشت میں خبردار کیا تھا کہ امریکی اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف ایرانی منصوبہ بندی ایک خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ اگست سے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور معاشی دباؤ کی مہم آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کی قیادت کر رہے ہیں، جس کا مقصد تہران کو بحری جہازوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے پر مجبور کرنا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیر خزانہ ایرانی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور معاشی دباؤ کی مہم جاری رکھیں گے۔
ایک ذریعے کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ کے گھر کی فضائی تصویر وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے کے بعد سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے، جس سے ان کی رہائش گاہ کی نشاندہی ممکن ہوئی۔ اسکاٹ بیسنٹ نے جنوری 2025 میں یہ گھر 12.5 ملین ڈالر میں خریدا تھا۔
ایران ماضی میں امریکی سرزمین پر حکام یا شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزامات مسترد کرتا رہا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک بڑے حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت محدود ہے۔ جنگ کے دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت متعدد اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہو چکے ہیں۔