✕
کاروبار اور معیشت

آئیسکو کے اثاثے، قرض اور پنشن واجبات پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کو منتقل کرنے کی منظوری

  • پی ایچ ایل کو حکومت کی ملکیت میں خصوصی مقصد کی کمپنی نامزد کیا گیا ہے
شائع اپ ڈیٹ

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے اپنی نجکاری کی راہ ہموار کرنے کے لیے منتخب اثاثے، قرض اور پنشن واجبات پاور ہولڈنگ لمیٹڈ (پی ایچ ایل) کو منتقل کرنے کے حکومتی منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔

آئیسکو نے اپنے ایک قرض دہندہ کو بھیجے گئے خط میں بتایا کہ کمپنی کی تنظیم نو کا منصوبہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے اگست 2026 میں منظور کیا تھا، جبکہ وفاقی کابینہ نے 23 ستمبر 2026 کو اس کی توثیق کی تھی۔

منصوبے کے تحت کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت اسکیم آف ارینجمنٹ کے ذریعے آئیسکو کے منتخب اثاثے، قرض اور دیگر واجبات الگ کرکے حکومت کی جانب سے حصص فروخت کرنے سے پہلے پی ایچ ایل کو منتقل کیے جائیں گے۔ پی ایچ ایل کو حکومت کی ملکیت میں خصوصی مقصد کی کمپنی نامزد کیا گیا ہے، جسے آئیسکو، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے مخصوص اثاثے اور واجبات منتقل ہوں گے۔

منصوبے کے مطابق آئیسکو کی تمام ملکیتی زمین پی ایچ ایل کو منتقل ہوگی، تاہم بعد ازاں آئیسکو یہ زمین طویل مدتی لیز پر حاصل کرے گی۔ حاضر سروس ملازمین کے ریٹائرمنٹ فوائد کی ذمہ داری کمپنی کے پاس رہے گی، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر واجبات پی ایچ ایل کو منتقل ہوں گے۔

آئیسکو کے موجودہ ریٹائرمنٹ بینیفٹ ٹرسٹ فنڈز میں سے ڈیڑھ ارب روپے حاضر سروس ملازمین کے لیے برقرار رکھے جائیں گے، جبکہ باقی رقم پی ایچ ایل کے قائم کردہ ٹرسٹ کو منتقل ہوگی۔

اس کے علاوہ پنجاب حکومت کے قابل ادائیگی اور قابل وصول واجبات، قرضوں کی مقررہ تاریخ سے زائد المیعاد اقساط اور ان پر مارک اپ بھی پی ایچ ایل کو منتقل کیے جائیں گے۔ تاہم آئیسکو کے قرضوں کی وہ اقساط جن کی ادائیگی کی تاریخ نہیں آئی، کمپنی کی بیلنس شیٹ پر برقرار رہیں گی۔

ایف بی آر سے حاصل ہونے والی ٹیکس وصولیاں اور متعلقہ عدالتی مقدمات بھی پی ایچ ایل کو منتقل ہوں گے۔

آئیسکو نے 30 جون 2026 تک کے بقایا جات رکھنے والے قرض دہندگان سے مجوزہ تنظیم نو پر عدم اعتراض طلب کیا ہے۔ اسکیم کی منظوری سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے حاصل کی جائے گی، جس کے مؤثر ہونے کے بعد منتقل شدہ واجبات کی ادائیگی پی ایچ ایل کی ذمہ داری ہوگی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026