✕
کھیل

سعودی عرب میں سکس کنگز سلام ٹینس ٹورنامنٹ ملتوی، اے ایف سی ایشین کپ 2028ء میں کرانے پر غور کے لیے تیار

  • ہفتے کو ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے
شائع اپ ڈیٹ

سعودی عرب میں حالیہ حملوں کے بعد اکتوبر میں شیڈول سکس کنگز سلام ٹینس ٹورنامنٹ ملتوی کرکے 27 سے 30 دسمبر تک منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے ایشین کپ 2028ء تک مؤخر کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

ہفتے کو ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ یمن کی ایران نواز حوثی تحریک نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کی تاریخوں میں تبدیلی کا فیصلہ انتظامی اور لاجسٹک مشکلات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا، تاکہ شائقین کو معیاری تجربہ فراہم کیا جاسکے۔

ٹورنامنٹ میں کارلوس الکاراز، نوواک جوکووچ، الیگزینڈر زیوریف اور ٹیلر فرٹز کی شرکت متوقع تھی، جبکہ دفاعی چیمپئن جینک سنر انجری کے باعث دستبردار ہوگئے تھے۔ یہ نمائشی ایونٹ خطیر انعامی رقم کے باعث دنیا کے صفِ اول کے کھلاڑیوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں 2027ء کا ایشین فٹ بال کپ بھی خطرات سے دوچار ہوسکتا ہے۔ اے ایف سی کے صدر سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے کہا ہے کہ ایونٹ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق نومبر کے آخر تک صورتحال کا جائزہ لیا جاسکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر ٹورنامنٹ 2028ء تک مؤخر کیا جاسکتا ہے۔

24 ٹیموں پر مشتمل ایشین کپ 7 جنوری 2027ء سے ریاض، جدہ اور الخبر کے آٹھ مقامات پر شیڈول ہے۔ سعودی عرب اس ایونٹ کی میزبانی پہلی بار کرے گا، جو 2034ء کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی سے قبل اہم آزمائش ہوگی۔