✕
پاکستان

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان، علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوگا

  • تین روزہ دورے کے دوران گوتریس صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے
شائع اپ ڈیٹ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اپنے تین روزہ دورے کے دوران گوتریس صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے بھارت و پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں بریفنگ لیں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا جبکہ پاکستان کی جانب سے کثیرالجہتی نظام، عالمی امن و سلامتی، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہی نظاموں کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اتوار کی شب نیویارک سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے توقع ہے کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع میں پاکستان کے ثالثی کے کردار اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حمایت میں پاکستان کے تعمیری کردار پر بھی بات کریں گے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنی سفارت کاری اور ثالثی کے ذریعے فریقین کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے اور اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں شرکت کے ذریعے عالمی برادری کے لیے بھی خدمات انجام دی ہیں۔

اے پی پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مشرق وسطیٰ کے تنازع میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا ہے جن کے نتیجے میں جنگ بندی کے قیام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا۔

توقع ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران گوتریس 2022 کے تباہ کن مون سون سیلاب کے بعد قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ان کے اثرات برداشت کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے سیلاب کے بعد اظہار یکجہتی کے لیے 2022 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اے پی پی کے مطابق، یو این ایم او جی آئی پی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ گوتریس کو متنازع جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کی نگرانی میں اقوام متحدہ کے مشن کے کردار پر بات چیت کا موقع بھی فراہم کرے گا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ تعاون، کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی حمایت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں سے وابستگی کی توثیق کرے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے اپنی دوسری پانچ سالہ مدت 2026 کے اختتام پر مکمل کرنے والے گوتریس کی جمعرات کو نیویارک واپسی متوقع ہے۔