✕
دنیا

امریکا کا ایران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششوں میں کامیابی کا دعویٰ

  • ترکی اور عمان نے ایرانی نجی فضائی کمپنی ماہان ایئر کی پروازیں روک دی ہیں، امریکی وزیر خزانہ
شائع اپ ڈیٹ

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ہفتے کو کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں نمائندے بھیجے ہیں تاکہ مختلف ممالک کو ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے لیے اقدامات پر آمادہ کیا جاسکے۔

انہوں نے ایکس پر کہا کہ ان کی ہدایت پر ٹیمیں دنیا بھر میں مختلف ممالک سے رابطے کرکے ایرانی حکومت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہیں اور ان کوششوں کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق ترکی اور عمان نے ایرانی نجی فضائی کمپنی ماہان ایئر کی پروازیں روک دی ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات نے ایرانی ایئرلائنز کی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔

ایرانی خبررساں ادارے ایسنا کے مطابق آذربائیجان، جارجیا، عراق، عمان اور متحدہ عرب امارات نے ایران کی پروازوں کے اجازت نامے منسوخ کیے ہیں، تاہم چین اور روس کے لیے ایران ایئر اور ماہان کی پروازیں جاری ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ نے ایران کے بینکنگ نظام پر عائد نئی پابندیوں کو بھی اجاگر کیا۔ گزشتہ ہفتے ترکی نے ایران کے بینک ملت کا لائسنس منسوخ کردیا تھا۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ 50 سے زائد ممالک سے ایران کے خلاف معاشی اقدامات پر بات چیت کرچکا ہے۔