فرانس کا مغربی کنارے کی اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات پر پابندی کا اعلان
- ژاں نوئل بارو نے کہا، ’’فرانس فلسطین میں اسرائیلی بستیوں کے ساتھ اپنی تجارتی سرگرمیاں ختم کرنے جارہا ہے۔‘‘
فرانس مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کا عمل شروع کرے گا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے منگل کو یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد نے فلسطینیوں کے ساتھ دو ریاستی حل کے امکانات کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔
بارو نے ایکس پر لکھا، ’’فرانس فلسطین میں اسرائیلی بستیوں کے ساتھ اپنی تجارتی سرگرمیاں ختم کرنے جارہا ہے، جبکہ 11 دیگر ممالک بھی اسی نوعیت کے اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کرچکے ہیں۔‘‘
بارو نے مزید کہا، ’’ہم ایسا کیوں کررہے ہیں؟ کیونکہ مغربی کنارہ پھٹنے کے قریب ہے—اسرائیلی بستیوں کی توسیع میں جنون کی حد تک تیزی آرہی ہے، انتہا پسند آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور دہشت گردی کے ایسے واقعات بھی پیش آرہے ہیں جن کی خود اسرائیلی حکام نے مذمت کی ہے۔‘‘