مارکٹس

اسٹاک ایکسچینج میں فروخت کا دباؤ، کے ایس ای 100 انڈیکس 500 سے زائد پوائنٹس گرگیا

  • بینچ مارک انڈیکس 180,928.55 کی سطح پر موجود تھا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مثبت آغاز کے بعد ایک بار پھر فروخت کا دباؤ دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں دورانِ ٹریڈنگ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

دوپہر 12:40 پر بینچ مارک انڈیکس 501.47 پوائنٹس یا 0.28 فیصد کی کمی کے ساتھ 180,928.55 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

اہم شعبوں، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں اور بجلی پیدا کرنے والے ادارے شامل ہیں، میں حصص کی فروخت کا رجحان دیکھا گیا۔این بی پی،ایم سی بی، ایچ بی ایل، ماری اور حبکو سمیت انڈیکس پر نمایاں اثر رکھنے والے حصص مندی کی زد میں رہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان سفارتی مذاکرات میں پیش رفت اور امریکہ، ایران کے درمیان وسیع تر معاہدے کی توقعات نے جغرافیائی سیاسی خدشات کم کیے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری لائی۔

بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس گزشتہ ہفتے 5,335.89 پوائنٹس یا 3 فیصد اضافے کے ساتھ 181,430.02 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب پیر کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس بھی وال اسٹریٹ کی پیروی کرتے ہوئے بلند سطح پر رہیں۔ امریکہ کی کمزور روزگار رپورٹ نے قلیل مدت میں قرض لینے کی لاگت میں اضافے کے خدشات کم کیے، تاہم خلیجی امن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔

ایران نے اتوار کو کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے نئے راستوں کے تعین سے متعلق عمان کے ساتھ معاہدہ آخری مراحل میں ہے، تاہم تہران نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکہ کی جانب سے دیگر شرائط پوری کیے جانے تک آبی گزرگاہ نہیں کھولی جائے گی۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 0.9 فیصد اضافے سے 84.32 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 0.7 فیصد اضافے سے 78.74 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔

مہنگائی میں توقع سے زیادہ اضافہ آئندہ ماہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات کو دوبارہ بڑھا سکتا ہے۔ ستمبر میں شرح سود میں تبدیلی کے امکان کو فیوچرز مارکیٹ نے ایک ہفتے قبل کے 67 فیصد سے کم کرکے تقریباً 44 فیصد کردیا ہے۔

شرح سود میں اضافے کے خدشات میں کمی سے جمعہ کو امریکی ٹریژری بانڈز میں تیزی آئی اور وال اسٹریٹ ریکارڈ بلند سطح پر بند ہوئی۔ جاپان کا نکیئی پیر کو 0.6 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کا اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 0.5 فیصد بڑھا۔

جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک حصص کا ایم ایس سی آئی وسیع ترین انڈیکس 0.3 فیصد بڑھ گیا۔

یہ انٹرا ڈے اپڈیٹ ہے۔