دنیا

مجھ پر حملہ ہوا تو ایران کو مکمل تباہ کردوں گا، ٹرمپ کا انتباہ

اس حوالے سے احکامات پہلے ہی دیے جا چکے ہیں، امریکی صدر
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی یا اس میں کامیاب ہوا تو امریکہ ایران کو مکمل تباہ کردے گا۔

امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں ایران کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ایرانی حکومت نے دنیا کے کسی بھی کونے سے امریکا کے موجودہ صدر یعنی میرے قتل کی دھمکی پر عمل کرنے یا قتل کرنے کی کوشش کی تو ایک ہزار میزائل بالکل تیار کھڑے ہیں جن کا نشانہ ایران ہے اور اس کے فوراً بعد ہزاروں مزید میزائل بھی فائر کیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کو مکمل تباہی کی دھمکی دیتے ہوئے اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ اس حوالے سے احکامات پہلے ہی دیے جا چکے ہیں اور امریکی فوج ایک سال کے عرصے کے لیے جس میں ضرورت پڑنے پر اضافہ بھی ہو سکتا ہے ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر ملیا میٹ اور تباہ و برباد کرنے کے لیے تیار، رضامند اور پوری طرح سے اہل ہے۔