پاکستان سفارتی کامیابیوں کے بعد اب معاشی استحکام کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار
- آج دنیا پاکستان کو ایک امن قائم کرنے والے ملک کے طور پر جانتی ہے، نائب وزیر اعظم
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک ”امن قائم کرنے والے ملک“ کے طور پر ابھر رہا ہے، اور اس کی سفارتی کامیابیوں میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری بھی شامل ہے۔
لاہور میں داتا گنج بخش کے مزار پر 983ویں سالانہ غسل کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، جسے کبھی بعض حلقوں میں سفارتی طور پر تنہا سمجھا جاتا تھا، اب اپنی تعمیری سفارت کاری کے باعث بین الاقوامی سطح پر مثبت شناخت حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”آج دنیا پاکستان کو ایک امن قائم کرنے والے ملک کے طور پر جانتی ہے“ اور کہا کہ اسلام آباد کی کوششوں نے خطے میں استحکام کو فروغ دیا ہے اور عالمی سطح پر ملک کی پوزیشن مضبوط کی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو اب ایک ”مڈل پاور“ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کا سفارتی کردار فعال ہے، اور ملک کا اگلا ہدف معاشی طور پر ایک بڑی طاقت بننا ہونا چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی معاشی بہتری کے لیے کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے 2013 سے 2017 کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس عرصے میں اہم معاشی اشاریے بہتر ہوئے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔
ان کے مطابق، پاکستان کی معیشت بعد میں تنزلی کا شکار ہوئی، تاہم حکومت اسے دوبارہ بہتر سمت میں لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جو کبھی دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا، بعد میں 47ویں نمبر پر آ گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ سفارتی کوششوں کے دوران ایران پر حملوں کی مذمت کی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مسلسل کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق، ملک کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کو ایک ذمہ دار جوہری طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی سفارتی اور تزویراتی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، اور ملک کو اب مکمل طور پر معاشی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔