پاکستان

آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کا خطرہ

  • کراچی، سکھر اور دادو سمیت سندھ جبکہ تربت، آواران اور ژوب سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے، این ای او سی
شائع June 21, 2026 اپ ڈیٹ June 21, 2026 03:40pm

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک گیر موسمیاتی الرٹ جاری کرتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹے انتہائی نازک ہیں، جس کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں گرج چمک، طوفانی اور تیز ہواؤں کے ساتھ موصلادھار بارش، اربن فلڈنگ اور گلیشیئرز پگھلنے کا شدید خطرہ ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق یہ موسمیاتی صورتحال چند ماہ قبل جاری کی گئی پیشگوئی کے عین مطابق ہے۔این ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بروقت تیاریوں کے لیے وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی وارننگ اور خطرات کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ الرٹ کے مطابق پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، سوات، پشاور، بنوں اور وزیرستان میں بھی طوفانی لدھڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔

دوسری طرف گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں کے لیے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا علیحدہ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سندھ کے اضلاع بشمول کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور دادو کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں تربت، آواران اور ژوب میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے اور چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تمام ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو مری اور شمالی علاقہ جات کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔ شہریوں کو آفیشل موبائل ایپ کے ذریعے باخبر رہنے اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔