عوام کے لیے ریلیف کی نوید، پٹرولیم قیمتوں میں کمی متوقع
- گزشتہ ایک ماہ میں عالمی تیل قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی
پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے کیونکہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کا فائدہ فوری صارفین تک منتقل کیا جائے۔ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جمعرات کو بتایا کہ اس ہدایت کے بعد حکومت نے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی ہے جو پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف ہفتہ وار میکانزم تیار کرے گی۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی سفارتی کوششیں رنگ لارہی ہیں اور ایران اور امریکہ جنگ بندی کے معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کے مثبت اثرات عالمی توانائی منڈیوں میں بھی نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
امریکہ اور ایران نے بدھ کو ایک عبوری معاہدے کا متن جاری کیا جس کے تحت ایران کے ساتھ جنگ ختم ہو جائے گی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا اور تہران کے تیل پر عائد امریکی پابندیاں اٹھا لی جائیں گی جس سے تاریخ میں توانائی سپلائی میں پیدا ہونے والی سب سے بڑی رکاوٹ حل ہوجائے گی۔
اس پیشرفت کے بعد جمعرات کو ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ برینٹ کروڈ 89 سینٹ یا 1.12 فیصد کمی کے ساتھ 78.66 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 98 سینٹ یا 1.28 فیصد کمی کے ساتھ 75.81 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ 30 دنوں میں عالمی تیل کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔
حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گررہی ہیں اور وزیرِاعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ اس کمی کا فائدہ فوری عوام تک پہنچایا جائے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی ہے جو پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولا وضع کرے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ شفاف فارمولے کے تحت عوام کو قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا اور مستقبل میں قیمتوں کے تعین کے عمل کو مزید شفاف بنایا جائے گا، یہ فارمولا تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود حکومت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیل سپلائی چین کو کسی بڑی رکاوٹ کے بغیر برقرار رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر حکومت اپنی توانائی سیکیورٹی کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور قومی مفادات کے تحفظ اور توانائی کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے آنے والے مہینوں میں کئی اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔