ٹرمپ کا ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے کا اعلان
- اگر تہران کے ساتھ جلد معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ ایران پر دوبارہ حملے شروع کر دے گا، امریکی صدر کی تازہ دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز سی این بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت مذاکرات میں مضبوط پوزیشن میں ہے اور آخرکار ایک ”بہترین معاہدے“ تک پہنچے گا۔
جنگ بندی میں توسیع کے امکان سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا: ”میں ایسا نہیں چاہتا، ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہے۔“
دوسری جانب واشنگٹن نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات پاکستان میں آگے بڑھیں گے، جبکہ ایک سینئر ایرانی عہدیدار کے مطابق تہران ان مذاکرات میں شمولیت پر غور کر رہا ہے۔
حتمی مرحلے میں ہونے والی مزید امن بات چیت کا امکان ابھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، ایسے میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر تہران کے ساتھ جلد کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو امریکا ایران پر اپنے حملے دوبارہ شروع کر دے گا۔
انہوں نے کہا: ”میری توقع ہے کہ ہمیں بمباری کرنا پڑے گی کیونکہ میرے خیال میں اسی انداز کے ساتھ آگے بڑھنا بہتر حکمتِ عملی ہے۔ لیکن ہم مکمل طور پر تیار ہیں، میرا مطلب ہے کہ فوج ہر وقت کارروائی کے لیے تیار ہے۔“