پی آئی اے کی نجکاری: شیئر ہولڈرز نے 75 فیصد حصص کی فروخت کی منظوری دے دی
- پی آئی اے ایچ سی ایل کے شیئر ہولڈرز نے پی آئی اے سی ایل میں کمپنی کی بقیہ 25 فیصد حصص داری کی مستقبل میں ممکنہ فروخت اور منتقلی کی بھی منظوری دی
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (پی آئی اے ایچ سی ایل) کے شیئر ہولڈرز نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے 75 فیصد حصص (اسٹیک) کی فروخت (ڈائی ویسٹمنٹ) کی منظوری دے دی ہے۔
پی آئی اے ایچ سی ایل نے پیر کو اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ ایک نوٹس میں بتایا کہ حصص کی یہ فروخت شیئر ٹرانسفر اور ڈائیلیوشن کے امتزاج کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
گزشتہ سال عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں ایک کنسورشیم نے پی آئی اے میں 75 فیصد حصص کے لیے براہِ راست نشر ہونے والی نیلامی میں سب سے زیادہ بولی لگا کر کامیابی حاصل کی، جو کہ ائرلائن کی طویل عرصے سے تاخیر کا شکار نجکاری کے حوالے سے حکومت کے لیے ایک بڑی کامیابی تھی۔۔
عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے (یعنی 482.14 ملین ڈالر) کی بولی پیش کی تھی جو کہ حکومت کی مقرر کردہ کم از کم قیمت (ریزرو پرائس) 100 ارب روپے سے کہیں زیادہ تھی۔
پیر کو پی آئی اے ایچ سی ایل کے شیئر ہولڈرز کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد کی کاپی کے مطابق ارکان بذریعہ ہذا کمپنی کی ملکیت میں موجود پی آئی اے سی ایل کے جاری کردہ اور ادا شدہ شیئر کیپیٹل کے 75 فیصد حصص کی فروخت کی منظوری دیتے ہیں جو کہ ان دو طریقوں کے امتزاج سے عمل میں لائی جائے گی: (i) کمپنی کی ملکیت میں موجود حصص کی منتقلی؛ اور (ii) پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کی جانب سے پی آئی اے سی ایل کے حصص سبسکرپشن کے نتیجے میں کمپنی کی حصص داری میں کمی (ڈائلوشن)، جو کہ سختی کے ساتھ ٹرانزیکشن دستاویزات کی شرائط و ضوابط کے مطابق ہوگی۔
پی آئی اے ایچ سی ایل کے شیئر ہولڈرز نے پی آئی اے سی ایل میں کمپنی کی بقیہ 25 فیصد حصص داری کی مستقبل میں ممکنہ فروخت اور منتقلی کی بھی منظوری دے دی ہے، بشرطیکہ پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ’ (ایس پی ایس اے) کے مطابق اپنے کال آپشن کا استعمال کرے۔
ایس پی ایس اے کی شرائط کے تحت اس کال آپشن کے درست استعمال اور وہاں مقررہ قابل اطلاق شرائط کی تکمیل کے مشروط ہونے پر کمپنی کو اختیار اور ذمہ داری ہوگی کہ پی آئی اے سی ایل میں باقی ماندہ حصص کو ایس پی ایس اے کے مطابق پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کو منتقل کرے۔
پی آئی اے ایچ سی ایل پاکستان کے قوانین کے تحت قائم کردہ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے اور اس وقت اس کی اکثریتی ملکیت حکومتِ پاکستان کے پاس ہے۔
پی آئی اے ایچ سی ایل کو حکومتِ پاکستان نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کے مخصوص اثاثوں، واجبات اور ذیلی اداروں کا جانشین بنانے کے لیے قائم کیا تھا جس میں پی آئی اے سی ایل کے مخصوص کاروبار، جائیداد، حقوق، واجبات اور ذمہ داریاں شامل ہیں۔