مارکٹس

ڈیووس 26 : آذربائیجان کی کمپنی سکار آئندہ ماہ تک پاکستان کے آئل اینڈ گیس سیکٹر میں سرمایہ کاری کو حتمی شکل دے گی

  • سکار پاکستان کو توانائی کے شعبے میں قدرتی اور طویل مدتی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے، روشن نجف
شائع January 22, 2026 اپ ڈیٹ January 22, 2026 05:30pm

جمہوریہ آذربائیجان کی ریاستی تیل کمپنی (سکار) نے اعلان کیا ہے کہ وہ فروری کے دوران پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری کو حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہے۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اعلان ’سکار‘ کے صدر روشن نجف نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

روشن نجف نے کہا کہ ’سکار‘ پاکستان کو ایک قدرتی اور طویل مدتی توانائی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس کی وجہ پاکستان کی مارکیٹ کی وسعت، توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور تیل و گیس کے شعبے میں جاری اصلاحات کی رفتار کو قرار دیا۔

روشن نجف نے ’سکار ٹریڈنگ‘ کے ذریعے پاکستان میں پہلے سے موجود تجارتی تعلقات پر روشنی ڈالی، جو پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (ایل ایل پی) کے ساتھ حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) فریم ورک کے تحت کام کر رہی ہے۔ اس انتظام کے تحت پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی میں لچکدار شرائط میسر ہیں۔ اس فریم ورک کے تحت ’سکار‘ ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو فراہم کر سکتا ہے جس میں ”ٹیک اور پے“ (لازمی خریداری) کی پابندی نہیں ہے، جو قیمت اور طلب کے لحاظ سے بہترین سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس معاہدے میں 2025 تک توسیع کر دی گئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’سکار‘ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور پاکستان میں جاری توانائی اصلاحات کے تناظر میں تیل و گیس کی وسیع تر ویلیو چین میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

روشن نجف نے ’سکار‘ کے عالمی پروفائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک بڑی ریاستی توانائی کمپنی ہے جو 20 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے، جس کی افرادی قوت 66,000 سے زائد ملازمین پر مشتمل ہے، 2024 میں اس کی آمدنی تقریباً 50.6 ارب ڈالر تھی اور 2025 میں اس کی تخمینہ شدہ مالیت 56.75 ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ابھرتی ہوئی معیشت کی قومی توانائی کمپنی ہونے کے ناطے ’سکار‘ کا تجربہ اسے پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک قابلِ اعتماد طویل مدتی شراکت دار بناتا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ’سکار‘ کی مجوزہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے تیل، گیس اور کان کنی کے شعبوں میں تزویراتی اور تجارتی طور پر سودمند سرمایہ کاری لانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے ان شعبوں کو پاکستان کی توانائی کی حفاظت اور صنعتی ترقی کے لیے کلیدی قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاری اصلاحات کا محور قیمتوں میں شفافیت، معاہدوں میں وضاحت اور خطرات کی تقسیم کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے، تاکہ نجی شعبے کی مستقل شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات کا اختتام اس مشترکہ مفاہمت پر ہوا کہ ’سکار‘ کی جانب سے سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے تک دونوں فریقین قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔