فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے منگل کو کہا ہے کہ مالی سال 2027-28 تک قومی ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو 18 فیصد تک پہنچانے کے لیے صوبوں کو اپنا حصہ موجودہ 0.8 فیصد سے بڑھا کر 3 فیصد (تقریباً 5.265 کھرب روپے سالانہ) کرنا ہوگا، جبکہ وفاقی حکومت کو اپنا حصہ موجودہ 11.3 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد تک لانا ہوگا، جس میں پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) بھی شامل ہے۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں چیئرمین ایف بی آر نے خبردار کیا کہ ٹیکس فراڈ کی روک تھام کے لیے قانون کی شقیں فعال کی جائیں گی، البتہ ٹیکس وصولی کے لیے فوجداری دفعات کا اطلاق نہیں ہوگا—یہ صرف دھوکہ دہی کی روک تھام کے لیے ہوں گی۔

راشد لنگڑیال کے مطابق، مالی سال 2024-25 میں انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے ٹیکس وصولیوں میں آٹھ گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس سال وفاقی ریونیو (ایف بی آر + پی ڈی ایل) ٹو جی ڈی پی شرح 11.3 فیصد رہی، جو گزشتہ سال 9.8 فیصد تھی—یہ گزشتہ دہائی کی سب سے بلند شرح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2024-25 میں ایف بی آر کی ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 10.2 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ جون 2023-24 میں یہ صرف 8.8 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو پائیدار معاشی ترقی کے لیے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں اضافہ ناگزیر ہے۔

چیئرمین نے بتایا کہ شرح میں اضافے کی تین بنیادی وجوہات ہیں:1 . افراط زر کے ذریعے خودکار اضافہ2. نئے ٹیکسز اور شرحوں سے حاصل ہونے والی آمدن3. انفورسمنٹ اور کمپلائنس پر توجہ

انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال افراط زر سے 1.9 ٹریلین روپے اکٹھے ہوئے، جبکہ رواں سال (جون 2025 کے اختتام تک) یہ رقم 766 ارب روپے رہی۔ نئے ٹیکسز سے گزشتہ سال 107 ارب روپے جبکہ رواں سال 805 ارب روپے حاصل ہوئے۔ سب سے نمایاں اضافہ انفورسمنٹ کے ذریعے ہوا—پچھلے سال کمپلائنس سے 105 ارب جبکہ رواں سال 865 ارب روپے حاصل کیے گئے، یعنی آٹھ گنا اضافہ۔

ان کا کہنا تھا کہ 2024-25 میں مجموعی ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 12.1 فیصد ہے، جس میں 0.8 فیصد حصہ صوبوں کا اور 11.3 فیصد حصہ وفاق کا ہے (جس میں 1 فیصد پی ڈی ایل اور 10.2 فیصد ایف بی آر شامل ہے)۔ صوبے اس وقت صرف تین اقسام کے ٹیکس جمع کر رہے ہیں: پراپرٹی ٹیکس، زرعی آمدن ٹیکس، اور سروسز پر سیلز ٹیکس۔

راشدلنگڑیال نے کہا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے ریونیو نظام کے سب سے اہم فریق ہیں، اور حکومت ٹیکس مشینری اور عوام کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کمپلائنس کو سہولت، انصاف اور شفافیت پر مبنی ہونا چاہیے، نہ کہ دباؤ یا دھونس پر۔

انہوں نے کہا کہجو فرد ایمانداری سے ٹیکس دیتا ہے، وہ ایف بی آر اور قوم کے لیے تاج کا ہیرے کی مانند ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے گزشتہ سال کے دوران ادارہ جاتی اصلاحات کی ہیں تاکہ اسے زیادہ عوام دوست اور سروس پر مبنی بنایا جا سکے۔ دفاتر عوامی سہولت کے لیے کھلے رکھے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایف بی آر کا مینڈیٹ صرف اتنا ہے کہ قانونی طور پر واجب الادا رقم وصول کی جائے، اس سے زائد کچھ نہ لیا جائے۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کی مؤثر مالی و مانیٹری پالیسیوں کے باعث معیشت میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو افراط زر 28 فیصد تھا جو کم ہو کر اب 4.5 فیصد تک آ گیا ہے۔

پالیسی ریٹ کو بھی 22 فیصد سے کم کر کے 11 فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالہ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کامیابی سے طے کیا گیا ہے جو کہ حکومت کی معاشی بحالی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے بعد کسی اضافی مالی سختی کی ضرورت نہیں پڑی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے 1.8 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا اور زرمبادلہ کے ذخائر 20 جون 2025 تک 14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں—جو کہ حالیہ برسوں میں بلند ترین سطح ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال میں ریونیو کلیکشن میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔ انہوں نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی تعمیری اور غیرجانب دارانہ قانون سازی پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔

وفاقی بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ استحکام کے ساتھ برآمدات پر مبنی ترقی کا راستہ اختیار کرنے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی نئی پانچ سالہ ایکسپورٹ پالیسی کے تحت اضافی کسٹمز ڈیوٹیز ختم کی جائیں گی اور زیادہ سے زیادہ درآمدی ٹیرف کو 15 فیصد تک محدود کیا جائے گا، تاکہ مشینری اور خام مال کی لاگت کم ہو اور برآمدی صنعتوں کو عالمی سطح پر مسابقتی بنایا جا سکے۔

سلیریڈ افراد کے لیے ٹارگٹڈ ریلیف پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس میں کمی سے ان کی تنخواہ میں اضافہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے آئندہ مالی سال کے لیے مہنگائی کی شرح 6.5 سے 7.5 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی، جبکہ تنخواہوں میں اضافہ اس سے زیادہ ہو گا، جس سے حقیقی آمدن کا تحفظ ممکن بنایا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025