کوپ 31، اقوام متحدہ نے اے آئی کے فوائد اور خطرات سے خبردار کردیا
- دنیا اس وقت ایک ایسے تکنیکی دور میں داخل ہوچکی ہے جہاں مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز دو دھاری تلوار کی حیثیت رکھتی ہیں،سائمن اسٹیل
اقوام متحدہ کے موسمیاتی امور کے سربراہ سائمن اسٹیل نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں عالمی حدت کے خلاف جنگ میں مدد دینے کی بڑی صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کے ساتھ سنگین ماحولیاتی خطرات بھی وابستہ ہیں۔
انہوں نے پیر کو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت ایک ایسے تکنیکی دور میں داخل ہوچکی ہے جہاں مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز دو دھاری تلوار کی حیثیت رکھتی ہیں۔
سائمن اسٹیل نے یہ بات ترکیہ کی جانب سے رضاکارانہ طور پر شروع کیے گئے انطالیہ مصنوعی ذہانت عہد کے اجرا کے موقع پر کہی۔ اس اقدام کا مقصد موسمیاتی مسائل کے حل کے لیے اے آئی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ اس کے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ آج زیادہ بجلی کے بل، آلودگی اور عدم مساوات برداشت کریں اور مستقبل میں بہتر نتائج کے وعدوں پر انحصار کریں۔ اے آئی کے فوائد اس کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے زیادہ ہونے چاہئیں۔
ان کے مطابق اے آئی کے ڈیٹا سینٹرز بھاری مقدار میں بجلی اور پانی استعمال کرتے ہیں، جس سے کاربن اخراج میں اضافے کے خدشات پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کمپنیوں پر زور دیا کہ ڈیٹا سینٹرز کو قابل تجدید توانائی سے چلایا جائے۔
ترکیہ کے وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مہمت فاتح کاجر نے بتایا کہ اس عہد کی 80 توثیقات ہوچکی ہیں۔





















Comments