ایسا عالمی ریکارڈ جو کوئی نہیں چاہتا
- پاکستان اور افغانستان دنیا کے واحد دو ممالک ہیں جہاں جنگلی پولیو وائرس اب بھی وبائی طور پر موجود ہے
خیبر ضلع میں رواں سال پولیو کے آٹھویں کیس کی تازہ ترین تصدیق، جس کا شکار 13 ماہ کی ایک بچی ہوئی ہے، قومی سطح پر شرمندگی کا باعث بننی چاہیے۔ آٹھ میں سے چھ کیسز خیبر پختونخوا میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان دنیا کے واحد دو ممالک ہیں جہاں جنگلی پولیو وائرس اب بھی وبائی طور پر موجود ہے۔ یہ ایسا امتیاز ہے جو کوئی بھی ملک اپنے نام نہیں کرنا چاہے گا۔
افغانستان کئی دہائیوں تک جنگ اور ادارہ جاتی تباہی کا سامنا کرتا رہا ہے۔ پاکستان کو بھی اپنے سکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں، لیکن اس شرمناک صورت حال کا جواز سرحد پار کی طرف انگلی اٹھا کر پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ایک ایسی بیماری کا برقرار رہنا جس کی روک تھام ممکن ہے، بنیادی طور پر ریاست کی ناکامی کا ثبوت ہے۔
یہ تضاد اس وقت مزید سنگین ہو جاتا ہے جب بچوں کو اس بیماری سے بچانے کی کوشش کرنے والے افراد خود نشانہ بنائے جا رہے ہوں۔
منگل، 3 نومبر کو مہمند میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، جب وہ پولیو ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے سفر کر رہے تھے۔ اس سے ایک روز قبل ٹانک میں پولیو کے چار کارکنوں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا۔ یہ کسی کامیاب عوامی صحت مہم کے دوران پیش آنے والی چند الگ تھلگ مشکلات نہیں ہیں۔ یہ ایک طویل اور خونریز سلسلے کا حصہ ہیں، جس میں ویکسین پلانے والے کارکنوں اور ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو معمول کا کام انجام دینے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں، ان پر حملے کیے جاتے ہیں اور انہیں قتل تک کر دیا جاتا ہے۔
عسکریت پسند گروہوں اور مذہبی انتہا پسندی کے بعض حلقوں نے بارہا سازشی نظریات کو ہوا دی ہے کہ بچوں کو دی جانے والی ویکسین دراصل مسلمان بچوں کو بانجھ بنانے کی غیر ملکی سازش ہے۔ یہ پروپیگنڈا سراسر بے بنیاد ہے، لیکن اس کے نتائج جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں۔ منہ کے ذریعے دی جانے والی پولیو ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، جبکہ پولیو کا کوئی علاج موجود نہیں اور اس کا انفیکشن مستقل معذوری اور فالج کا سبب بن سکتا ہے۔
اس کے باوجود صورت حال یہ ہے کہ چند مقامی شرپسند عناصر والدین کو اپنے بچوں کی حفاظت سے روکنے کے لیے خوف زدہ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، جبکہ ریاست ان جھوٹے دعوؤں کا مقابلہ ایک مستقل اور قابلِ اعتماد قومی پیغام کے ذریعے کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔
علمائے دین کو ابتدا ہی سے اس کوشش میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔ اس سلسلے میں فتوے بھی دیے گئے ہیں اور معتبر مذہبی علما کی جانب سے عوامی سطح پر ویکسین کی حمایت بھی کی گئی ہے۔ بعض علما نے ہچکچاہٹ کا شکار خاندانوں کو قائل کرنے کے لیے فعال کردار بھی ادا کیا ہے۔ لیکن انفرادی سطح پر کی جانے والی کوششیں ایک قومی بیانیے کا متبادل نہیں بن سکتیں۔
ریاست ملک بھر کے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ایسا مضبوط اور دیرپا اتحاد قائم کرنے میں ناکام رہی ہے جو اس بات کو یقینی بنا سکے کہ ہر والدین تک ایک ہی واضح پیغام پہنچے، ویکسین لگوانا طبی اعتبار سے ضروری، مذہبی طور پر جائز اور اپنے بچوں کے حوالے سے والدین کی ذمہ داری ہے۔ کئی دہائیوں سے جاری مہمات کے باوجود یہ کام اتنا مشکل کیوں بنا ہوا ہے؟
اس کے علاوہ صحتِ عامہ کے شعبے میں بھی ایک بنیادی ناکامی موجود ہے۔ پولیو وائرس بنیادی طور پر فضلے اور منہ کے راستے پھیلتا ہے اور آلودہ پانی اور خوراک کے ذریعے بھی منتقل ہو سکتا ہے۔ ناقص صفائی، پینے کے غیر محفوظ پانی، نکاسی آب کے ناکافی انتظامات اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کا کمزور نظام ایسے حالات پیدا کرتے ہیں جن میں یہ وائرس مسلسل گردش کرتا رہتا ہے۔
بار بار ویکسینیشن مہمات چلانا ناگزیر ہے، لیکن بنیادی بلدیاتی اور صحت کی سہولتوں کی عدم موجودگی کی تلافی مستقل طور پر ان مہمات کے ذریعے نہیں کی جا سکتی۔ ریاست برسوں سے مہمات کے ادوار اور ویکسین پلائے جانے والے بچوں کی تعداد گنتی آ رہی ہے، جبکہ اب بھی بہت سی آبادیوں کو صفائی کے مناسب ماحول، بنیادی صحت کی قابلِ اعتماد سہولتوں اور عوامی آگاہی سے محرومی کا سامنا ہے، جو وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے ضروری ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے بعد اب اس معاملے میں غفلت کا دفاع کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔ رواں سال اب تک بڑے پیمانے پر چار مہمات چلائی جا چکی ہیں، جن کے دوران کروڑوں بچوں کو ویکسین پلائی گئی، اس کے باوجود پشاور بلاک کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی مسلسل سامنے آ رہی ہے۔
اگلی مہم اب شروع ہو چکی ہے، جس کے دوران 97 اضلاع میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کوششیں حمایت کی مستحق ہیں اور والدین کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہر بچے کو ویکسین کی تمام ضروری خوراکیں دی جائیں۔ لیکن مہمات کے اعداد و شمار کو نتائج کا متبادل نہیں بننا چاہیے۔
پاکستان کئی دہائیوں سے پولیو کے خاتمے کی کوششیں کر رہا ہے۔ اس کے پاس اس مقصد کے لیے وقت، وسائل، بین الاقوامی معاونت اور بار بار ملنے والی تنبیہات موجود رہی ہیں۔ لیکن وہ اس کام کو مکمل کرنے کے لیے درکار سیاسی سرپرستی، انتظامی تسلسل اور عوامی اعتماد فراہم نہیں کر سکا۔
پولیو ورکرز کا تحفظ، انتہا پسندانہ گمراہ کن پروپیگنڈے کا مقابلہ، علمائے دین کو ساتھ ملانا، صفائی کے نظام میں بہتری اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کو مضبوط بنانا، ان سب کو ایک قومی ذمہ داری کے طور پر لیا جانا چاہیے۔ جب تک ایسا نہیں ہوتا، ہر نئی مہم کے بعد پولیو کا ایک اور کیس سامنے آئے گا، ہر حملے کے بعد ایک اور جنازہ اٹھے گا اور ملک اس شرمناک امتیاز میں پھنسا رہے گا جسے باقی دنیا بہت پیچھے چھوڑ چکی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


















Comments