آسٹریلیا کے اسٹارک نے آئی سی سی ٹیسٹ باؤلرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی
- یانسن دوسرے نمبر پر چلے گئے, اسٹارک حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر رہے
آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے آئی سی سی ٹیسٹ باؤلرز کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر مارکو یانسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
اسٹارک حال ہی میں جنوبی افریقہ میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر رہے۔ انہوں نے تین ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 15 وکٹیں حاصل کیں۔
اگرچہ آسٹریلیا آخری ٹیسٹ میچ ہار کر سنسنی خیز سیریز 2-1 سے گنوا بیٹھا، تاہم اسٹارک نے اس میچ میں بھی 9 وکٹیں حاصل کیں، جن میں پہلی اننگز میں 72 رنز دے کر 6 وکٹوں کی شاندار کارکردگی شامل تھی۔
یانسن نے اس سے صرف ایک ہفتہ قبل دوسرے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باؤلرز اور آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، تاہم اب 36 سالہ آسٹریلوی باؤلر نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کے اسپنر سائمن ہارمر نے بھی درجہ بندی میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ تیسرے ٹیسٹ میں پہلی مرتبہ ایک میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جس کے بعد وہ 9 درجے ترقی کرکے ساتویں نمبر پر آگئے۔






















Comments