پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد 56 فیصد بڑھ کر 7 لاکھ کے قریب پہنچ گئی
- یہ اضافہ انفرادی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور ملک کی کیپیٹل مارکیٹس پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاروں کی تعداد ریکارڈ 681,965 تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر 56 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ یہ نمایاں اضافہ انفرادی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور ملک کی کیپیٹل مارکیٹس پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 681,965 ہوگئی جبکہ اس ماہ 25,747 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے جو کسی ایک ماہ کے دوران سرمایہ کاروں کی تعداد میں ہونے والا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
وزارتِ خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی تعداد میں حالیہ اضافہ سرمایہ کاری میں عوامی شمولیت کے حوالے سے ایک غیر معمولی تبدیلی ہے جو بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرنے کے ساتھ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس میں ایک گہری تبدیلی کا اشارہ بھی ہے۔
وزارت کے مطابق صرف 10 ماہ (جنوری تا اکتوبر 2026) کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خالص بنیادوں پر 218,894 نئے سرمایہ کار شامل ہوئے جو گزشتہ چار مکمل برسوں کے مجموعی اضافے سے بھی زیادہ اور تقریباً پانچ برس کے برابر ہے۔
وزارت نے بتایا کہ نئے سرمایہ کاروں میں 85 فیصد کا تعلق جنریشن زی اور ملینیلز سے ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد اگست 2026 میں ہی 600,000 سے تجاوز کرگئی تھی۔





















Comments