پاور ڈویژن کے تحفظات کے باوجود سیپکو بورڈ کا مستقل سی ای او کی بھرتی کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ
- بورڈ نے اس امر پر بھی وضاحت طلب کی ہے کہ سیکشن افسر کی سطح پر جاری خط کس قانونی اختیار کے تحت بورڈ کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے کا سبب بنا
سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاور ڈویژن کے تحفظات کے باوجود کمپنی کے مستقل چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی بھرتی کے لیے اشتہار دوبارہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ بورڈ کے مطابق پاور ڈویژن نے نہ تو اشتہار روکنے کی ہدایت دی تھی اور نہ ہی بورڈ کا سابقہ فیصلہ منسوخ کیا تھا۔
بورڈ نے اس امر پر بھی وضاحت طلب کی ہے کہ سیکشن افسر کی سطح پر جاری خط کس قانونی اختیار کے تحت بورڈ کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے کا سبب بنا۔
ذرائع کے مطابق بورڈ نے 24 اگست 2026 کو اپنے 111ویں اجلاس میں سی ای او کے عہدے کے لیے دوبارہ اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ 28 اگست کو انتظامیہ کو بتایا گیا، جبکہ اشتہار کا مسودہ 31 اگست کو ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز اینڈ ایڈمنسٹریشن کو بھجوا کر دو روز میں شائع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
تاہم 9 ستمبر کو ہنگامی اجلاس میں بورڈ کو بتایا گیا کہ پاور ڈویژن کے یکم ستمبر کے خط کے باعث اشتہار شائع نہیں کیا گیا۔ بورڈ کے مطابق خط میں بھرتی کا عمل روکنے کی واضح ہدایت نہیں تھی، بلکہ سی ای او کے انتخاب کے لیے ہیڈ ہنٹنگ فرم کی خدمات لینے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
غور و خوض کے بعد بورڈ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ بھرتی کا عمل کھلے اشتہار، امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ اور انٹرویوز کے ذریعے خود مکمل کیا جائے گا، جس کی نگرانی نامزدگی و انسانی وسائل کمیٹی کرے گی۔ بورڈ کے مطابق ہیڈ ہنٹنگ فرم کی خدمات لینے سے خریداری اور انتظامی کارروائی میں وقت لگ سکتا ہے اور تقرری مزید تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔
بورڈ نے واضح کیا کہ بھرتی کا عمل سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق قانون 2023، متعلقہ پالیسیوں اور کارپوریٹ گورننس قواعد کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
مزید برآں بورڈ نے کمپنی سیکریٹری سے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز اینڈ ایڈمنسٹریشن کا اضافی چارج واپس لینے کا فیصلہ کیا تاکہ ان کی ذمہ داریاں گورننس اور قانونی تعمیل تک محدود رہیں۔
بورڈ نے پاور ڈویژن سے خط کی قانونی حیثیت اور یہ وضاحت بھی طلب کی کہ آیا اس کا مقصد بورڈ کے فیصلوں پر عمل درآمد روکنا تھا۔ اس کے مطابق ادارے کے بورڈ، انتظامیہ اور وزارت کے اختیارات واضح ہونا ضروری ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026
























Comments