انٹربینک مارکیٹ: ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک پیسے کی کمی سے 277.00 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعرات کومقامی کرنسی 277.01 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں یورو جمعہ کو مسلسل پانچویں ہفتے گراوٹ کی جانب گامزن رہا، تاہم اس بات کے آثار دکھائی دیے کہ فروخت کا دباؤ کم ہورہا ہے۔ فرانس کی قرضوں کی مارکیٹ میں شدید مندی رکنے اور امریکی بانڈز کے منافع میں کمی سے ڈالر کی تیزی بھی ماند پڑگئی۔
یورو پیر کو 1.1161 ڈالر کی 17 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا تھا۔ اس کی وجہ فرانس کے ریکارڈ بلند قرضوں اور بجٹ اخراجات میں کٹوتیوں کے لیے درپیش سیاسی مشکلات کے حوالے سے مارکیٹ کے خدشات تھے جبکہ اس کے برعکس امریکی ڈالر اور معیشت مضبوط دکھائی دے رہے تھے۔
اس کے بعد یورو بحال ہوکر 1.1211 ڈالر پر آگیا۔ اس کے باوجود رواں ہفتے اب تک اس کی قدر میں 0.3 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران مجموعی گراوٹ 3 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔
یورو کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی شرح بھی رواں ہفتے 0.3 فیصد کم ہوکر 84.74 پینس پر آگئی جو 16 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔ دوسری جانب سوئس فرانک کے مقابلے میں یورو کی شرح 0.9324 فرانک فی یورو کے آس پاس مستحکم رہی۔ گزشتہ ہفتے اس شرح میں 17 ماہ کی سب سے بڑی ہفتہ وار کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی صدارتی امیدوار میرین لے پین نے رواں ہفتے بجٹ خسارہ کم کرنے کے منصوبے پیش کیے جنہیں مارکیٹ نے اطمینان بخش قرار دیا۔ اس کے برعکس ان کے سخت بائیں بازو کے حریف ژاں لوک میلانشوں نے مرکزی بینک سے حکومتی قرضے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی اتار چڑھاؤ رہا اور اس کی تیزی کی رفتار سست پڑگئی کیونکہ امریکی بانڈز کے منافع میں تقریباً تین ماہ کے دوران سب سے بڑی ہفتہ وار کمی کا امکان پیدا ہوگیا۔ رات گئے مارکیٹ میں نمایاں تیزی بھی دیکھی گئی۔






















Comments