عمر احسن خان اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر منتخب
- او آئی سی سی آئی کی پالیسی قابلِ اعتماد اعداد و شمار اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مرتب کی جائے گی، نو منتخب صدر
ڈاؤلینس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر عمر احسن خان کو 2026-28کیلئے اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔
اس بات کا اعلان او آئی سی سی کے غیر معمولی اجلاس میں کیا گیا۔ شیورون لبریکینٹس پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے کنٹری چیئرمین اور جنرل منیجر احمد زاہد ظہیر سینئر نائب صدراور میزان بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید عامر علی کو نائب صدر منتخب کیا گیاہے۔
اس موقع پر او آئی سی سی کی منیجنگ کمیٹی کا بھی انتخاب کیا گیا جس میں صدر عمر احسن خان ڈاؤلینس پرائیویٹ لمیٹڈ، سینئر نائب صدر احمد زاہد ظہیر شیورون پاکستان لبریکینٹس پرائیویٹ لمیٹڈ اور نائب صدر ڈاکٹر سید عامر علی میزان بینک لمیٹڈ کے علاوہ احسن ظفر سید اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ ، امین محمدخواجہ جے پی مورگن پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ ، ارم شاکر رحیم گلیکسو اسمتھ کلائن پاکستان لمیٹڈ ، خرم شہزاد خان حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ ، سمیع اے وحید کوکا کولا ایکسپورٹ کارپوریشن ، سید انیس احمد ایبٹ لیبارٹریز پاکستان لمیٹڈ اور سید کاشان حسن فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ شامل ہیں۔
اس موقع پر سبکدوش ہونے والے صدر یوسف حسین نے معاشی استحکام میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صرف معاشی استحکام کافی نہیں، بلکہ اسے معاشی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات، پیداواری صلاحیت اور روزگار کے مواقع میں اضافے میں تبدیل کرنا ہوگا۔
نو منتخب صدر عمر احسن خان نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کی پالیسی قابلِ اعتماد اعداد و شمار اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مرتب کی جائے گی۔
ان کے مطابق چیمبر کا کردار صرف ان امور کی نشاندہی تک محدود نہیں ہونا چاہیے جہاں بہتری کی ضرورت ہےبلکہ جہاں ممکن ہو وہاں عملی حل بھی پیش کیے جائیں اور حکومت و دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ان پر عمل درآمد کے لیے کام کیا جائے۔
عمر احسن خان نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 34 فیصد کم ہوکر 1.65 ارب ڈالر رہ گئی۔
انہوں نے کہاکہ معاشی استحکام سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے، تاہم سرمایہ کاری کے فیصلے کا انحصار مجموعی کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری کے مواقعوں پر ہوتاہے۔
دوسری جانب نئی مینجنگ کمیٹی حکومت،ریگولیٹری اداروں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کے ساتھ او آئی سی سی آئی کی ڈیٹا پر مبنی تحقیق کو فروغ دے گی اور موسمیاتی تبدیلی، تنوع و شمولیت، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق پلیٹ فارمز پر کام جاری رکھے گی۔
























Comments