ایف پی سی سی آئی کا آسان ٹیکس اسکیم کی حمایت کا اعلان
- تاجروں کو سالانہ صرف 25 ہزار روپے مقررہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا، عاطف اکرام ودیگر
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے حکومت کی آسان ٹیکس اسکیم کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اسکیم کے تحت تاجروں کو سالانہ صرف 25 ہزار روپے مقررہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
فیڈریشن ہاؤس میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اسکیم میں رجسٹرڈ دکاندار اپنی دکانوں کے باہر ٹیکس دہندہ پلیٹ آویزاں کریں گے جس کے بعد کوئی انہیں ہراساں نہیں کرسکے گا۔
ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ 25 ہزار روپے کا مقررہ ٹیکس تاجروں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ رقم کے علاوہ تاجروں کو اپنے کاروباری ٹرن اوور کا صرف ایک فیصد ادا کرنا ہوگا۔
ایف پی سی سی آئی کے پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا کہ تاجر معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امان پراچہ نے کہا کہ یہ اسکیم اس سے قبل پیش کی گئی تمام اسکیموں کے مقابلے میں بہتر ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے کنوینر عبدالرحمن خان نے تاجروں پر زور دیا کہ انہیں مزید کسی سہولت کی ضرورت ہو تو وہ سامنے آئیں اور بلا جھجھک فیڈریشن کو آگاہ کریں۔
چیف کمشنر آر ٹی او ون کراچی قاضی حفیظ الرحمٰن نے بھی اسکیم کے فوائد پر روشنی ڈالی۔
























Comments