کراچی میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ خدمات کا سب سے بڑا سہولت مرکز قائم ہوگا، محسن نقوی
- وفاقی وزارتِ داخلہ کے تحت پاکستان کا سب سے بڑا عوامی سہولت مرکز قائم کیا جائے گا، جہاں شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی
وفاقی حکومت کراچی میں وفاقی وزارتِ داخلہ کے تحت ملک کا سب سے بڑا عوامی سہولت مرکز قائم کرے گی، جہاں شہریوں کو متعدد خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کو آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع وزارتِ داخلہ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ گرینڈ سہولت مرکز کا ماسٹر پلان 10 روز کے اندر تیار کرکے پیش کیا جائے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مرکز میں وزارتِ داخلہ کے تحت کام کرنے والے تمام محکموں اور اداروں کے کاؤنٹرز دستیاب ہوں گے۔
شہریوں کو ایک ہی مقام پر پاسپورٹ، شناختی کارڈ، اسلحہ لائسنس اور مختلف نوعیت کے عدم اعتراض سرٹیفکیٹس (این او سیز) سمیت متعدد خدمات فراہم کی جائیں گی۔
محسن نقوی نے حکام کو ہدایت کی کہ ماسٹر پلان میں تمام ضروری تقاضے شامل کیے جائیں اور مرکز کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
دریں اثنا، اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لیے 21 نئی گاڑیاں چین سے کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہیں، جو 2009 کے بعد اسلام آباد ریسکیو کے بیڑے میں سب سے بڑی توسیع ہے۔
محسن نقوی نے کراچی بندرگاہ پر نئی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ نیا بیڑا اسلام آباد میں ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی صلاحیت مزید مستحکم کرے گا۔ یہ گاڑیاں پانچ روز میں وفاقی دارالحکومت پہنچنے کی توقع ہے۔
نئے بیڑے میں چار ایریل فائر ٹرک، چھ فائر ٹاورز اور پانچ فائر ٹینڈرز شامل ہیں، جبکہ تمام گاڑیاں جدید فائر فائٹنگ اور ریسکیو آلات سے لیس ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ گاڑیاں 256 فٹ تک کی بلندی پر امدادی کارروائیوں اور آگ بجھانے کے کام انجام دے سکتی ہیں۔ نیا بیڑا اسلام آباد کے چھ اسٹیشنز پر چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گا۔
محسن نقوی نے گاڑیوں کی فراہمی میں تیزی لانے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان گاڑیوں کی آمد اسلام آباد کے ہنگامی ردعمل کے نظام کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
























Comments