جنوبی افریقہ، فائرنگ کے دو واقعات میں 27 افراد ہلاک، ملزمان کی تلاش جاری
- جنوبی افریقہ میں غیر قانونی اسلحے کا سنگین مسئلہ موجود ہے
جنوبی افریقہ کی پولیس نے اتوار کو دو الگ الگ فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی، جن میں چند گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 27 افراد ہلاک ہوگئے، جس سے ملک میں مسلح تشدد کے سنگین مسئلے کی ایک بار پھر نشاندہی ہوئی۔
جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے قریب ہونے والے فائرنگ کے واقعات کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔ پولیس کے مطابق کیپ ٹاؤن کے مضافاتی علاقے لوانڈلے میں اتوار کی صبح تقریباً 2 بجے مسلح افراد نے باربی کیو گوشت فروخت کرنے والی ایک جگہ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔
دوسرے واقعے میں جوہانسبرگ سے تقریباً 80 کلومیٹر دور وڈیلا ٹاؤن شپ کے ایک شراب خانے میں ہفتے کی رات تقریباً ساڑھے 9 بجے اے کے 47 رائفلوں سے مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس سے 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور تفتیش کار ملزمان کی تلاش کر رہے ہیں۔
جرائم کے ماہر یوسف ابراہم جی نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں غیر قانونی اسلحے کا سنگین مسئلہ موجود ہے، جبکہ منظم جرائم اور گینگ تشدد بھی عام ہے۔ گزشتہ ہفتے ڈربن کے قریب ایک گھر میں ہونے والی فائرنگ سے 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
























Comments