ریلوے نے پی ایس او ڈپو تک ڈیزل کی ترسیل شروع کردی
- راولپنڈی سے 7 لاکھ 50 ہزار لیٹر ڈیزل لے کر چلنے والی مال گاڑی پشاور ڈویژن پہنچ گئی
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان ریلوے نے پی ایس او ڈپو تک ڈیزل کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے ریل کے ذریعے ڈیزل کی ترسیل شروع کردی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی نگرانی میں پاکستان ریلوے نے ڈیزل کی ترسیل کے لیے مؤثر انتظامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں راولپنڈی سے 7 لاکھ 50 ہزار لیٹر ڈیزل لے کر چلنے والی مال گاڑی پشاور ڈویژن پہنچ گئی ہے۔
جاری سپلائی انتظامات کے تحت محمود کوٹ سے 10 لاکھ لیٹر ڈیزل لے کر ایک اور مال گاڑی آج رات پشاور ڈویژن پہنچنے والی ہے، جس سے ڈیزل کی سپلائی مزید بہتر ہوگی۔
ڈیزل کی مسلسل اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پی ایس او ڈپو تک بروقت ترسیل کے لیے ریل کے ذریعے ڈیزل کی روزانہ ترسیل جاری رکھی جائے۔
پاکستان ریلوے کے ذریعے ڈیزل کی بروقت اور مسلسل ترسیل سے ٹرین آپریشنز کا تسلسل برقرار رکھنے اور عوام کو مسافر ٹرینوں کی بلا تعطل سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026























Comments