مورگن اسٹینلے ایشیا کے سودوں کی تفصیلات غلط ای میل اٹیچمنٹ سے لیک
- مورگن اسٹینلے کے ایک بینکار نے غلطی سے حساس سودوں کی تفصیلات کلائنٹس کو بھیج دیں، جس کے بعد فوری طور پر ای میل واپس لے کر معذرت کی گئی
معاملے سے واقف چھ افراد کے مطابق ایشیا میں مالیاتی اسپانسرز کا شعبہ دیکھنے والے مورگن اسٹینلے کے ایک سینئر بینکار نے غلطی سے کلائنٹس کو بھیجی گئی ای میل میں اپنے سودوں کی تفصیلات افشا کردیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بینکار نے کلائنٹس کو بھیجے گئے ہفتہ وار اپ ڈیٹ ای میل میں مالیاتی اسپانسرز گروپ کے زیرِ غور سودوں کی فہرست غلطی سے منسلک کردی۔
وال اسٹریٹ بینک مورگن اسٹینلے کے ترجمان نے جمعرات کو رائٹرز کو ای میل کے ذریعے بتایا، ’’مورگن اسٹینلے کلائنٹس کی رازداری کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔ ہم نے معلومات کے اس غیر ارادی تبادلے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے اور متعلقہ فریقوں سے رابطے میں ہیں۔‘‘
رائٹرز کی دیکھی گئی ای میل کی ایک اسکرین شاٹ کے مطابق، بینکار نے بعد میں ای میل واپس لے لی اور اس غلطی پر معذرت کرتے ہوئے وصول کنندگان سے منسلک دستاویز کی نقول حذف کرنے اور اسے مزید گردش سے گریز کرنے کی درخواست کی۔
21 ستمبر کی تاریخ والی فہرست میں گریٹر چائنا، جنوبی کوریا، جنوب مشرقی ایشیا، بھارت اور یورپ، مشرق وسطیٰ و افریقا کے خطے میں جاری تقریباً 60 آئی پی او، انضمام و حصول اور بلاک ٹریڈ کے سودے شامل تھے۔
اس میں 50 سے زائد ایسے سودے بھی شامل تھے جنہیں ’’پچنگ‘‘ کے زمرے میں رکھا گیا تھا، جبکہ تقریباً 30 سودے ’’ہولڈ‘‘ کے زمرے میں شامل تھے۔ یہ تمام سودے ایشیائی کمپنیوں سے متعلق ہیں۔
فہرست میں شامل کمپنیوں کی بھاری اکثریت بڑی عالمی اور علاقائی نجی ایکویٹی اور وینچر کیپیٹل فرموں کے پورٹ فولیو کا حصہ ہے۔
بلومبرگ نے بدھ کی رات اس واقعے کی پہلی خبر دی تھی۔
ای میل وصول کرنے والے بعض افراد کے مطابق فہرست میں کسی بھی سودے کی تفصیلات شامل نہیں تھیں، جبکہ ان میں سے متعدد سودوں کی اطلاعات پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہیں۔
























Comments