امن و امان کے خدشات کے باوجود ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات
- تمام متعلقہ فریقین کو پیشگی انتظامات کرنے اور پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کو بلا رکاوٹ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے جمعرات کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت امن و امان کی کسی بھی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کی صورت میں ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ فریقین کو پیشگی انتظامات کرنے اور پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کو بلا رکاوٹ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ایک بیان کے مطابق یہ پیش رفت وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت ادائیگیوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس میں ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنانے کے لیے سپلائی چین، نقل و حمل اور لاجسٹکس کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان ریلوے، اوگرا ، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں ، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ، آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے لیے تعاون اور بھرپور حمایت پر پٹرولیم ڈیلرز کی تنظیموں کو سراہا۔
ایڈیشنل سیکریٹری ریلوے نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ریلوے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ترسیل کے لیے ٹرین کی بوگیوں کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنائے گا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان اسٹیٹ آئل کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈپو پر وافر مقدار میں ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کرے۔ پی ایس او نے اجلاس کو بتایا کہ ممکنہ تعطل کے پیش نظر اہم ڈپوز پر اضافی ذخائر پہلے ہی فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ سپلائی بلا تعطل جاری رہے۔
اوگرا نے اجلاس کو بتایا کہ بحران سے نمٹنے اور رابطہ کاری کے لیے ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے تاکہ ریٹیل آؤٹ لیٹس پر پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
پرویز ملک نے اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے لیے خام تیل کی بلا تعطل فراہمی اور تیار مصنوعات کی ترسیل کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ لاجسٹک رکاوٹوں کے باعث ریفائنری کی ممکنہ بندش سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت ادائیگی کے طریقۂ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تقریباً 10 ہزار سے زائد پٹرول پمپس میں سے جمعرات تک 8,500 سے زائد پٹرول پمپس کو ادائیگیاں کی جا چکی ہیں جبکہ یہ تعداد روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ معمولی نوعیت کے مسائل جن میں اکاؤنٹ نمبرز میں عدم مطابقت بھی شامل ہے، فوری بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ باقی ماندہ پٹرول پمپس کو ادائیگیاں بلا تاخیر مکمل ہوں اور عوام کو اسکیم کے تحت ریلیف کا سلسلہ جاری رہے۔
علی پرویز نے مزید اوگرا کو ہدایت کی کہ ایسے کسی بھی پٹرول پمپ کے خلاف کارروائی کی جائے جو اسکیم کے تحت اہل صارفین کو فراہم کیے جانے والے فیول ریلیف سے انکار کرتے ہوئے پایا جائے۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا کہ اسکیم کامیابی سے جاری ہے اور حکومت کو ایسوسی ایشن کی جانب سے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرز اس اقدام پر عملدرآمد میں حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے ہمایوں خان اور نعمان بٹ نے پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں لینے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن اسکیم کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
او سی اے سی کے چیئرمین نوید تنویر عباسی نے کہا کہ اسکیم کامیابی سے جاری ہے اور اسے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک اچھا اقدام قرار دیا۔
























Comments