پٹرول 1.65 روپے، ڈیزل 0.88 روپے فی لیٹر سستا
- نئی قیمتیں اتوار، 21 ستمبر تک نافذ العمل رہیں گی
حکومت نے پٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں 1.65 روپے فی لیٹر کمی کرتے ہوئے اسے 389.14 روپے کردیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت 0.88 روپے کم کرکے 424.04 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔ نئی قیمتیں 19 ستمبر سے 21 ستمبر 2026 تک مؤثر رہیں گی۔
وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیے کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری پٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت قیمتوں میں نظرثانی کی ہے۔
ایچ ایس ڈی کی ایکس ڈپو قیمت 424.92 روپے سے کم کرکے 424.04 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے، جبکہ موٹر اسپرٹ (ایم ایس) کی قیمت 390.79 روپے سے کم ہوکر 389.14 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
وزارت نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت، بشمول پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں تبدیلیوں کے باعث ضروری ہوئی۔
نظرثانی شدہ قیمتیں 19 ستمبر سے 21 ستمبر 2026 تک مؤثر رہیں گی۔
گزشتہ جائزے میں حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.47 روپے فی لیٹر اضافہ جبکہ موٹر اسپرٹ (پٹرول) کی قیمت میں 0.43 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔
دریں اثنا، سعودی تیل سپلائی میں تعطل کے خدشات کم ہونے کے باعث مشرق وسطیٰ میں تنازع پھیلنے کے خدشات پر غالب آگئے، جس کے نتیجے میں جمعہ کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
1225 جی ایم ٹی تک برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 88 سینٹ یا 0.84 فیصد کمی سے 103.94 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت معمولی تبدیلی کے ساتھ 102.15 ڈالر فی بیرل رہی۔
بینچ مارک برینٹ کی قیمتیں تین ہفتوں میں پہلی مرتبہ ہفتہ وار کمی کی جانب گامزن ہیں اور رواں ہفتے اب تک 0.8 فیصد کم ہوچکی ہیں۔
























Comments